نواز شریف مریم کے لیے این آر او ڈھونڈ رہے ہیں، شیخ رشید

 نواز شریف مریم کے لیے این آر او ڈھونڈ رہے ہیں، شیخ رشید
کیپشن: آصف زرداری کو بلاول کے این آر او کے لیے کوئی دلچسپی نہیں، شیخ رشید۔۔۔۔۔۔فوٹو/ آفیشل فیس بُک پیج

راولپنڈی: میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے دعویٰ کیا کہ مارچ سے پہلے چور لٹیروں پر جھاڑو پھر جائے گی اور اگر یہ لٹیرے اب بچ گئے تو اللہ ہی ملک کو بچا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قومی خزانے کو لوٹنے والے قومی غداری کے مرتکب ہیں کیونکہ ملک کو اصل مسئلہ معیشت کا ہے اور آج معاشی مسائل کی وجہ یہ ہے کہ ملک میں سیاست کے نام پر بھیڑیے آ گئے تھے۔ شیخ رشید نے مزید کہا ان کالی بھیڑوں نے ملک کو نوچا اور اب بھی اپنے آپ کو معزز سمجھتے ہیں جبکہ ان کے پاس اب بھی پروٹوکول ہو گا اور پاکستان میں چوروں کو عزت مل رہی ہے اور جنہوں نے قربانی دی ان کے پاس روزگار چھت اور صحت سمیت کچھ نہیں۔

وزیر ریلوے نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ نواز شریف مریم کے لیے این آر او ڈھونڈ رہے ہیں جب کہ آصف زرداری کو بلاول کے این آر او کے لیے کوئی دلچسپی نہیں۔

انہوں نے مزید کہا لوگوں کو معلوم ہو گیا ہے کہ کون چور ،کون چوکیدار ہے قوم نے عمران خان کو اس لیے ووٹ دیا کہ وہ چوروں کو کچل دیں۔ جیلوں میں بے گناہ لوگ ہیں اور اصل مجرم پروٹوکول لیے پھر رہے ہیں لیکن اب لوگ چاہتے ہیں کہ یہ اصل مجرم اپنے انجام کو پہنچیں گے۔

کیمرا مین پر تشدد کے واقعے پر رد عمل میں وفاقی وزیر ریلوے نے سابق وزیراعظم پر کڑی تنقید کی اور واقعے کا مقدمہ بھی ان کے خلاف درج کرنے کا مطالبہ کیا۔