پاکستان افغان تنازعہ کے جامع سیاسی حل کی مستقل حمایت جاری رکھے گا ، عمران خان

 پاکستان افغان تنازعہ کے جامع سیاسی حل کی مستقل حمایت جاری رکھے گا ، عمران خان
کیپشن: پاکستان افغان تنازعہ کے جامع سیاسی حل کی مستقل حمایت جاری رکھے گا ، عمران خان
سورس: فوٹو/ریڈیو پاکستان

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان افغان تنازعہ کے جامع سیاسی حل کی مستقل حمایت جاری رکھے گا اور افغان قیادت کے پاس موقع ہے کہ وہ بین الافغان مذاکرات کے ذریعے ملک میں دریرپا امن و استحکام قائم کریں اور امن عمل کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کرنے والے سازشی عناصر کے کردار سے محتاط رہنا ہو گا کیونکہ پرامن اور مستحکم افغانستان نہ صرف ملک بلکہ پورے خطے کے مفاد میں ہے ۔

ملا عبدالغنی برادر کی قیادت میں وفد نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی اور ملاقات میں افغان امن عمل میں پیش ر فت اور اسے آگے بڑھانے کے حوالے سے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ وزیراعظم عمران خان نے اس موقع پر اپنے موقف کو دوہرایا کہ افغانستان میں تنازعہ کا کوئی فوجی حل نہیں اور بات پر زور دیا کہ بین الافغان مذاکرات افغانستان کے رہنماﺅں کیلئے ایک تاریخی موقع ہے کہ وہ افغان قیادت میں اور افغانستان کے تحت امن عمل کے ذریعے دیرپا امن و استحکام قائم کریں ۔

وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ افغان فریقین اپنے درمیان مذاکرات میں حالیہ مثبت پیش رفتوں کا تسلسل جاری رکھیں گے۔ انہوں نے یہ بات زور دے کر کہی کہ پاکستان جامع اور وسیع البنیاد سیاسی حل کیلئے اپنی مستقل حمایت جاری رکھے گا اور امن عمل کو سبوتاژ اور نقصان پہچانے کی کوشش کرنے والے سازشی عناصر کے کردار سے متعلق محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔

وزیراعظم نے تشدد کی لہر میں اضافے پر تشویش ظاہر کی اور تمام فریقین پر زور دیا کہ وہ فائر بندی کے ذریعے تشدد میں کمی لائیں کیونکہ افغانستان میں امن و استحکام کی واپسی سے معاشی ترقی ، علاقائی سالمیت اور رابطے کے حوالے سے مضبوط اثرات مرتب ہونگے اور یہ افغانستان اور پورے خطے کے مفاد میں ہے طالبان سیاسی کمیشن کے وفد کا دورہ پاکستان پرامن مستحکم ، خود مختار ، متحد اور خوشحال پاکستان کے قیام کیلئے افغان امن عمل میں معاونت فراہم کرنے کی سنجیدہ کوششوں کا حصہ ہے۔