ہائی پرفارمنس سینٹر کے بیٹنگ کوچ محمد یوسف کیلئے خطرے کی گھنٹی بج گئی

ہائی پرفارمنس سینٹر کے بیٹنگ کوچ محمد یوسف کیلئے خطرے کی گھنٹی بج گئی
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر (این ایچ پی سی) میں بیٹنگ کوچ کی ذمہ داریاں نبھنے والے قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سابق بلے باز محمد یوسف کیلئے خطرے کی گھنٹی بج گئی ہے اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اسامی پر نئی تعیناتی کیلئے اشتہار بھی دیدیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ ملکی کی کرکٹ کی بہتری کیلئے وکٹوں کا معیار بہتر بنانے کیساتھ نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں اعلیٰ معیار کے کوچز لانے کی زیادہ ضرورت ہے اور اس سلسلے میں جلد ہی پیش رفت ہو گی۔ 
انہوں نے کہا کہ پی سی بی نے گزشتہ روز اس حوالے سے اشتہاری جاری کر دیا ہے جس میں ہائی پرفارمنس کوچ، بیٹنگ کوچ، باؤلنگ کوچ، فیلڈنگ کوچ اور پاور ہٹنگ کوچ کیلئے امیداروں سے 17 جنوری تک درخواستیں طلب کی گئی ہیں اور امیدواروں کے انٹرویوز کے بعد میرٹ کی بنیاد پر تعیناتیاں کی جائیں گی۔ 
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ محمد یوسف اس وقت این ایچ پی سی میں بطور بیٹنگ کوچ ذمہ داریاں سرانجام دے رہے ہیں اور اس عہدے کیلئے اشتہار دئیے جانے کے بعد سابق کپتان کیلئے بھی خطرے کی گھنٹی بج گئی ہے کیونکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد یوسف کو بھی امیدواروں کی صف میں کھڑا ہونا پڑے گا۔