پی ایس ایل فائنل :ڈین جونز اور مکی آرتھرنے لاہور جانے کے لیے ہاں کردی

پی ایس ایل فائنل :ڈین جونز اور مکی آرتھرنے لاہور جانے کے لیے ہاں کردی

شارجہ : پاکستان سپر لیگ کی دفاعی چیمپیئن اسلام آباد یونائٹڈ کے ہیڈ کوچ ڈین جونز اورکراچی کنگز کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے پی ایس ایل فائنل کے لیے لاہور جانے کے لیے ہاں کر دی۔ڈین جونز نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ کام پاکستان کرکٹ بورڈ کا ہے کہ وہ یہ فائنل کہاں کرانا چاہتا ہے، ہمارا کام کھیلنا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ یہ فیصلہ کر چکا ہے کہ پاکستان سپر لیگ کا فائنل پانچ مارچ کو لاہور میں کھیلا جائے گا لیکن پہلے لاہور اور پھر سیہون میں ہونے والے خودکش بم دھماکوں کے بعد صورت حال بدل چکی ہے. تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ کا اب بھی یہی اصرار ہے کہ یہ فائنل لاہور میں ہی ہوگا اور وہ اس سلسلے میں بائیس فروری کو نئی ڈرافٹنگ کرنے والا ہے جس میں فائنل کے لیے نئے غیرملکی کھلاڑیوں کا انتخاب ہو گا۔پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ بھی یہ اعلان کر چکے ہیں کہ لاہور میں فائنل کے انعقاد کے سلسلے میں فوج ہرممکن تعاون کرے گی۔دوسری جانب پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر، جو سپر لیگ میں کراچی کنگز کے ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ کراچی کنگز ابھی تک فائنل کی دوڑ میں شامل نہیں تھی لہذا لاہور میں فائنل ہونے کے بارے میں ان کی کسی سے بات نہیں ہوئی، لیکن پاکستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ کی حیثیت سے انھیں ہرصورت میں لاہور جانا ہے جہاں وہ اپنے کوچنگ اسٹاف کے ساتھ مل کر ویسٹ انڈیز کے دورے کی تیاری شروع کریں گے۔