میکسیکو میں فوجی ہیلی کاپٹر گرکر تباہ،13 افراد ہلاک ،15 زخمی

میکسیکو میں فوجی ہیلی کاپٹر گرکر تباہ،13 افراد ہلاک ،15 زخمی

’’نیو نیوز تازہ ترین‘‘

میکسیکو سٹی:براعظم امریکہ کے ملک میکسیکو میں ایک فوجی ہیلی کاپٹر  گر کر تباہ ہونے سے 13 افراد ہلاک اور 15 زخمی ہوگئے ہیں۔غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق ہیلی کاپٹر کو حادثہ اس وقت پیش آیا جب وہ گزشتہ شب آنے والے 7.2 شدت کے زلزلے میں ہونے والے نقصانات کا جائزہ لینے کے لئے لینڈنگ کررہا تھا۔

خیال رہے کہ میکسیکو کے جنوبی اور وسطی علاقے ایک طاقتور زلزلے کے جھٹکوں سے لرز اٹھے تھے جس کی شدت 7.2 ریکارڈ کی گئی۔


امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 7.2 تھی اور اس کا مرکز ریاست اوہاکا کے شمال مشرقی علاقے پینوٹیپا سے 53 کلومیٹر دور 24 کلومیٹر زیر زمین تھا۔
اسی دوران زلزلے سے ہونے والے نقصانات کا اندازہ لگانے کے لیے جانے والا ایک فوجی ہیلی کاپٹر لینڈنگ کے دوران حادثے کا شکار ہوگیا جس کے نتیجے میں 13 افراد ہلاک ہوگئے۔

ہیلی کاپٹر میں میکسیکو کے وزیرداخلہ الفونسو ناوریٹ پریڈا اور اوحاکا کے گورنر الہانڈرو مرٹ بھی سوار تھے تاہم وہ اس حادثے میں محفوظ رہے۔حکام کے مطابق لینڈنگ کے دوران ہیلی کاپٹر بے قابو ہوگیا اور نیچے موجود دو گاڑیوں پر جاگرا، ہلاک ہونے والے ممکنہ طور پر گاڑی کے اندر ہی موجود تھے۔