فارق ستار ڈٹ گئے، پارٹی انتخابات کیلئے آج ووٹنگ کرانے کا فیصلہ

فارق ستار ڈٹ گئے، پارٹی انتخابات کیلئے آج ووٹنگ کرانے کا فیصلہ

کراچی :ایم کیو ایم پاکستان کے سابق سربراہ اور سینئر رہنما فاروق ستار ڈٹ گئے ہیں اورانہوں نے ہار ماننے سے انکار کرتے ہوئے پارٹی انتخابات کرانے کے فیصلے پر قائم ہیں جس کے لئے آج ووٹنگ کرائی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما فاروق ستار سے ارکان سندھ اسمبلی سید سردار احمد اور خواجہ اظہار الحسن کے مذاکرات بھی ناکام ہوگئے جبکہ فاروق ستار اپنی جانب سے آج پارٹی انتخابات کرانے کے فیصلے پر قائم ہیں۔


شہر قائد کے علاقے پی آئی بی کالونی میں اپنی رہائش گاہ کے باہر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ وہ اور کارکن بہادر آباد والوں کے غیر آئینی اجلاس کے فیصلے کو کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔

رہنما متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما نے مزیدکہا کہ انٹراپارٹی الیکشن میں کارکنوں کی رائے ہوگی توپارٹی آئین بھی تبدیل کرسکتے ہیں، کراچی اور حیدرآباد میں انٹرا پارٹی الیکشن کے لیے ووٹنگ کا انتظام کیا گیا ہے۔


فاروق ستار نے کہا کہ کراچی میں آج پی آئی بی کے ایم سی گرائونڈ میں ووٹنگ کرائی جائے گی اور کچھ لوگ بڑی ذمہ داریوں پرفائز ہوں گے۔
رہنما ایم کیو ایم نے کہا کہ اندرون سندھ کے اضلاع کے کارکن حیدرآباد آکر ووٹ کاسٹ کریں گے، حیدرآباد زون میں الیکشن کا انتظام کیا گیا ہے۔


دوسری جانب فاروق ستار سے ملاقات کے بعد بہادرآباد گروپ میں شامل خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ فاروق ستار نے بہت اچھی تجاویز دی ہیں، دونوں طرف جلسے ہوئے ہیں دونوں کامیاب ہوئے ہیں۔


خیال رہے کہ کراچی میں ضلعی انتظامیہ نے فاروق ستار کو کے ایم سی گرائونڈ پر انٹرا پارٹی الیکشن منعقد کرانے کی اجازت دے دی ہے۔