پاناما کے بجائے اقاما پر فیصلہ دے کر ایک کمزور فیصلہ دیا گیا، عمران خان

پاناما کے بجائے اقاما پر فیصلہ دے کر ایک کمزور فیصلہ دیا گیا، عمران خان

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے سابق وزیراعظم نواز شریف کیخلاف پاناما کیس کے فیصلے پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ کیس پاناما کا تھا مگر نواز شریف کو اقامے پر سزا دی گئی۔پاناما کے بجائے اقاما پر فیصلہ دے کر ایک کمزور فیصلہ دیا گیا۔
نجی ٹی وی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں عمران خان کا کہنا تھا کہ نواز شریف عدلیہ کے خلاف تقاریر کر رہے ہیں، عوام کو ا±کسا رہے ہیں مگر عدلیہ نے کچھ نہیں کیا، اس لیے وہ شیر ہو گئے ہیں۔اس سوال پر کہ اگر سپریم کورٹ کا فیصلہ درست نہیں تھا تو آپ نے اس پر اعتراض کیوں نہیں کیا؟ عمران خان نے کہا کہ وہ عدلیہ پر تنقید نہیں کرنا چاہتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ فیصلے کے بعد نواز شریف نے عدلیہ کے خلاف تقاریر کیں، عدلیہ انھیں روکنے میں ناکام رہی جس کے باعث نواز شریف شیر ہوتے گئے۔دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ موقف نواز شریف کا رہا ہے کہ انہیں پاناما کے بجائے اقاما پر نکالا گیا۔عمران خان نے اس بات کی بھی تردید نہیں کی کہ عام آدمی نواز شریف کے بیانیے کو پسند کر رہا ہے تاہم انہوں نے یہ کہا کہ عام آدمی کی یہ پسند عارضی ہے۔