مکیش امبانی کی کمپنی کا پی ایس ایل کی کوریج سے انکار

مکیش امبانی کی کمپنی کا پی ایس ایل کی کوریج سے انکار
کیپشن: سیاسی کشیدگی کے باعث ٹورنامنٹ کی کوریج سے دستبردار ہو گئے ہیں، آئی ایم جی۔۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: پاکستان اور بھارت کے درمیان سیاسی کشیدگی کے اثرات پاکستان سپر لیگ پر بھی پہنچ گئے ہیں اور ٹورنامنٹ کے چوتھے دن پاکستان کرکٹ بورڈ کو اس وقت شدید دھچکہ لگا جب پی ایس ایل کو کور کرنے والی بھارتی کمپنی نے کام کرنے سے انکار کر دیا۔

آئی ایم جی نے تصدیق کی ہے کہ وہ سیاسی کشیدگی کے باعث ٹورنامنٹ کی کوریج سے دستبردار ہو گئے ہیں اور اس سلسلے میں آئی ایم جی نے پی سی بی مارکیٹنگ ڈپارٹمنٹ کو ای میل کے ذریعے آگاہ کر دیا ہے۔

پی سی بی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی ارب پتی تاجر مکیش امبانی کی کمپنی آئی ایم جی سے پی سی بی نے ایک سال کیلئے سپر لیگ کی کوریج کا معاہدہ کیا تھا۔

پاک بھارت کشیدگی کی وجہ سے آئی ایم جی نے پی سی بی کو باضابطہ بتایا ہے کہ بھارتی حکومت نے ہمیں پی ایس ایل کور کرنے سے منع کر دیا ہے اور ایسے میں ہمارے لئے ممکن نہیں ہے کہ ٹورنامنٹ میں مزید کام کر سکیں۔

پی سی بی نے ہنگامی صورتحال میں اوپن ٹینڈر کے ذریعے ایک اور کمپنی کو پی ایس ایل کا ٹھیکہ دے دیا ہے جس کے بعد یہ کمپنی بدھ سے شارجہ میں شروع ہونے والے ٹورنامنٹ کے دوسرے مرحلے میں کام کرے گی اور بقیہ ٹورنامنٹ کی کوریج بھی کرے گی۔

پی سی بی کے متبادل انتظام سے پاکستان سپرلیگ کی کوریج کی کوالٹی متاثر نہیں ہو گی۔

پی سی بی مکیش انبانی کی کمپنی کے خلاف معاہدے کی خلاف ورزی کرنے پر قانونی چارہ جوئی پر غور کر رہی ہے جب کہ کریو میں کام کرنے والے کمنٹیٹرز اور ٹیکنیکل عملے کے لوگ فری لانس ہیں اس لئے وہ نئی کمپنی کے ساتھ کام کرتے رہیں گے۔

ذرائع نے بتایا کہ کریو میں شامل بھارتی شہری پاکستان کیلئے سفر نہیں کریں گے جس کے بعد پاکستان سے مقامی عملے کی خدمات حاصل کی گئی ہے جب کہ کریو میں آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کے باشندے بھی شامل ہیں۔