مسلم لیگ (ن) کے رہنما مشاہد اللہ خان انتقال کر گئے

PML-N leader Mushahidullah Khan has passed away
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر مشاہد اللہ خان 68 برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔ ملک کی تمام سیاسی شخصیات نے مرحوم کے انتقال پر گہرے رنج وغم کا اظہار کیا ہے۔

مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب اور پارٹی رہنما محمد زبیر نے مشاہد اللہ خان کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اس کی تصدیق کی ہے۔

مرحوم مشاہد اللہ خان کافی عرصہ سے علیل تھے۔ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف سمیت سیاسی اور سماجی رہنماؤں نے مشاہد اللہ خان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

مریم نواز شریف نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا ہے کہ مشاہد اللہ پارٹی کا اثاثہ تھے، ان کے انتقال پر انتہائی دکھ ہوا۔ مرحوم کی پارٹی کیلئے خدمات اور محبت ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

لیگی رہنما محمد زبیر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مشاہد اللہ خان ایک نڈر انسان تھے جو آمریت کے خلاف ڈٹ کر کھڑے رہے۔ مشاہد اللہ خان کی وفات خاندان، ن لیگ اور ملک کیلئے بڑا نقصان ہے۔ مشاہد اللہ کافی عرصے سے علیل تھے، وہ سینیٹ اجلاس میں بڑی ہمت کیساتھ آتے تھے۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما مشاہد اللہ خان کی نماز جنازہ اسلام آباد میں ادا کر دی گئی ہے۔ مرحوم کی نماز جنازہ میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال سمیت سینکڑوں کارکنوں، سیاسی اور دیگر شعبوں سے وابستہ شخصیات نے شرکت کی۔

مسلم لیگی رہنما نے قانون کی ڈگری حاصل کر رکھی تھی، ان کا شمار پاکستان کے سرکردہ سیاستدانوں میں ہوتا تھا۔ انہوں نے راولپنڈی کے اسلامیہ ہائی سکول سے حاصل کی بعد ازاں وہ گریجوشن کیلئے گورڈن کالج چلے گئے جبکہ قانون کی تعلیم انہوں نے کراچی کے اردو لا کالج سے حاصل کی۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید خان نے بھی اپنے ساتھی مشاہد اللہ خان کے اچانک وفت پانے پر انتہائی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔