عالمی وبا کے باوجود ملکی معیشت مثبت سمت میں جا رہی ہے، وزیراعظم عمران خان

Despite the global epidemic, the country's economy is moving in a positive direction, Prime Minister Imran Khan
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ جب حکومت میں آئے تو ریکارڈ خسارے کا سامنا تھا، ملکی معیشت آج مثبت اور درست سمت کی جانب گامزن ہے۔

اسلام آباد میں روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عالمی وبا کے باجود ملک میں معاشی استحکام آ رہا ہے۔ ملک کی معیشت مثبت سمت میں جا رہی ہے۔ ملک میں اکانومی جتنی بڑھے گی بینکوں کو بھی اتنا ہی فائدہ ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ 20 سال سے کہہ رہا ہوں بیرون ملک پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں۔ بیرون ملک پاکستانیوں نے شوکت خانم ہسپتال کے قیام میں اہم کردار ادا کیا۔ ملک کا سب سے بڑا اثاثہ بیرون ملک پاکستانی ہیں۔ اوورسیز پاکستانیوں سے کرکٹ کے دور سے تعلق رہا۔ کوشش تھی کسی طرح سےاوورسیز پاکستانیوں کو ساتھ ملایا جائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ڈالر 160 روپے پر گیا تو سب چیزیں مہنگی ہوئیں۔ کرنسی گرتی ہے تو سب سے زیادہ بوجھ غریب عوام پر پڑتا ہے۔ مالی خسارے کا سب سے زیادہ اثر ملک کی کرنسی پر ہوتا ہے۔ کرنسی کی قدر کم ہونےسے مہنگائی میں اضافہ ہوتا ہے۔ غریب عوام اور تنخواہ دار طبقے کو مشکلات کا سامنا ہے۔ تیل مہنگا ہونے سے دیگر چیزوں پر اثر پڑتا ہے۔ کرنسی گرنےسے درآمدی گھی اور دالیں مہنگی ہوئیں۔

انہوں نے کہا کہ برآمدات بڑھانے پر کامرس کی وزارت کو مبارکباد دیتا ہوں۔ پہلے لوگ ٹیکسٹائل سے رئیل سٹیٹ کے بزنس کی طرف جا رہے تھے، اب ٹیکسٹائل کی صنعت تیزی سے فروغ پا رہی ہے۔ آج نئی ٹیکسٹائل فیکٹریاں لگ رہی ہیں۔ ٹیکسٹائل ملز کیلئے ورکرز نہیں مل رہے۔ تاہم پاکستان کی ایکسپورٹ دوسرے ہمسایہ ممالک سے کم ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت نے پاکستان کے اب تک ریکارڈ قرضے واپس کئے ہیں۔ کسی حکومت نے ابھی تک اتنے زیادہ قرضے واپس نہیں کئے۔ قرضے کے باوجود پاکستان کے معاشی اعشاریے مثبت ہیں۔ اب تک 20 ارب ڈالر ڈھائی سال میں واپس کر چکے ہیں۔ ابھی تک 6 ہزار ارب روپے قرضوں کی قسط دے چکے ہیں۔ گورنر اسٹیٹ بینک کو اس اہم کام پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ملک کی معیشت مثبت سمت میں جا رہی ہے۔ ملک میں اکانومی جتنی بڑھے گی بینکوں کو بھی اتنا ہی فائدہ ہوگا۔ جب تک روپیہ مضبوط نہیں ہوگا صحیح سرمایہ کاری نہیں آئے گی۔ ہم نے اوورسیز پاکستانیوں کیلئے سہولتیں پیدا کرنی ہیں۔

ان کا کہنا تھا روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس میں ابھی بہت صلاحیت باقی ہے۔ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کیلئے ایڈورٹائزنگ مہم چلانی چاہیے۔ الیکٹرانک میڈیا مہم کے ذریعے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کی افادیت اجاگر کرنی ہے۔ معیشت کی بہتری کیلئے بینکوں کا کردار اہم ہے۔ بینکوں نے پاکستان ہاؤسنگ سکیم میں پوری طرح شرکت کرنی ہے۔