سینیٹ الیکشن، عبدالحفیظ شیخ نے جہانگیر ترین سے مدد مانگ لی

سینیٹ الیکشن، عبدالحفیظ شیخ نے جہانگیر ترین سے مدد مانگ لی
کیپشن: سینیٹ الیکشن، عبدالحفیظ شیخ نے جہانگیر ترین سے مدد مانگ لی
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد: سینیٹ الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار عبدالحفیظ شیخ نے جہانگیر ترین سے مدد اور تعاون مانگ لیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے امیدوار عبدالحفیظ شیخ کا جہانگیر ترین سے رابطہ ہوا ہے اورانہوں نے جہانگیر ترین سے سینیٹ الیکشن سے متعلق مدد اور تعاون مانگا ہے۔ جہانگیر ترین نے عبد الحفیظ شیخ کو مدد کی یقین دہانی کروادی۔

ذرائع کے مطابق جہانگیر ترین نے حفیظ شیخ کو یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ آپ دوست ہیں مکمل تعاون کروں گا۔ آپ ہماری پارٹی کے امید وار ہیں لازمی سپورٹ کریں گے۔

ذرائع کے مطابق جہانگیر ترین نے حفیظ شیخ سے کہا کہ جلد اسلام آباد آ کر آپ سے ملاقات بھی ہو گی۔

خیال رہے کہ حفیظ شیخ اور یوسف رضاگیلانی کے درمیان اسلام آباد کی جنرل نشست پر مقابلہ متوقع ہے۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سینیٹ انتخابات شفاف بنانے کے لئے بیان حلفی لینے کا فیصلہ کر لیا ہے اور اس بیان حلفی میں امیدوار ٹکٹ پر پیسے نہ لینے کی یقین دہانی کرائے گا۔ الیکشن کمیشن نے کہا امیدوار نے اگر پارٹی ٹکٹ سے متعلق رقم دی ہے تو الیکشن کمیشن کو آگاہ کرے گا اور امیدوار ووٹ کی خرید و فروخت کے لیے کسی بھی طرح پیسے کا استعمال نہ کرنے کی تحریری یقین دہانی کرائے گا۔ امیدوار انتخاب میں کرپٹ پریکٹس، آئین اور قانون کی خلاف ورزی نہ کرنے کا بیان حلفی جمع کرائے گا۔

الیکشن کمیشن کے مطابق امیدوار الیکشن کمیشن کو تحریری طور پر ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کی یقین دہانی کرائے گا۔ بیان حلفی پر امیدوار کے دستخط، انگوٹھے کے نشان اور شناختی کارڈ نمر درج ہو گا جبکہ امیدوار بیان حلفی اوتھ کمشنر سے تصدیق شدہ جمع کرائے گا۔