اے ڈی خواجہ کو آئی جی سندھ پولیس برقرار رکھنے کا حکم

اے ڈی خواجہ کو آئی جی سندھ پولیس برقرار رکھنے کا حکم

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے اے ڈی خواجہ کو آئی جی سندھ پولیس برقرار رکھنے کا حکم دے دیا۔ سپریم کورٹ نے آئی جی سندھ پولیس کی تقرری کا معاملہ عدالتی فیصلے سے مشروط کرتے ہوئے وفاق کو اقدامات اٹھانے سے بھی روک دیا۔ سپریم کورٹ نے اے ڈی خواجہ کو عہدے پر برقرار رکھنے کے سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف صوبائی حکومت کی اپیل سماعت کیلئے منظور کر لی۔

چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ آئی جی سندھ کی تقرری کا معاملہ صوبائی حکومت کی اپیل پر فیصلے سے مشروط ہوگا۔ سندھ حکومت کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے موقف اپنایا کہ سندھ ہائیکورٹ نے پولیس ایکٹ 2011 کو آئینی قرار دیتے ہوئے اے ڈی خواجہ کو پولیس میں تبادلوں کا اختیار بھی دے دیا۔ عدالت عالیہ نے وہ فیصلہ دیا ہے جو درخواست نے مانگا ہی نہیں۔ چیف جسٹس ثاقب نثار نے سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ بہت خوبصورت اور دو تین بار پڑھنے کے لائق ہے۔

چیف جسٹس نے ایڈووکیٹ جنرل سندھ کو روسٹرم پر دلائل دینے سے بھی روک دیا اور ریمارکس دیئے کہ فاروق ایچ نائیک کو وکیل کر کے آپ نے اپنی صلاحیت ظاہر کر دی ہے آپ کو روسٹرم پر بات کرنے کا حق نہیں۔ صوبائی حکومت کی اپیل پر جلد سماعت کی استدعا پر چیف جسٹس نے الگ درخواست دینے کی ہدایت کی۔

 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں