کابل میں امریکا اور نیٹو افواج ناکام ہو چکی ہیں، امریکی ٹی وی کا دعویٰ

کابل میں امریکا اور نیٹو افواج ناکام ہو چکی ہیں، امریکی ٹی وی کا دعویٰ

نیو یارک: امریکی ٹی وی نے اپنی رپورٹ میں کابل کو پہلے سے زیادہ غیر محفوظ قرار دیتے ہوئے اسے 16 سال سے یہاں موجود امریکہ اور نیٹو افواج کی ناکامی قرار دیا۔ امریکی ٹی وی کو انٹرویو میں امریکی جنرل جان نکلسن نے کابل کی صورتحال کو سنگین قرار دیا۔

امریکی ٹی وی سی بی ایس نے کابل سے اپنی خصوصی رپورٹ کہا کہ افغان دارالحکومت میں غیر ملکی شخصیات کو ایئر پورٹ تک لانے لے جانے کے لئے بھی فضائی راستہ اختیار کیا جاتا ہے اہم عمارات کے گرد دو، دو، تین تین دیواریں کھڑی کر دی گئی ہیں جس سے معلوم ہوتا ہے شہر کتنا غیر محفوظ ہو چکا ہے۔

رپورٹ میں افغانستان میں امریکہ کی ناکامیوں کو بے نقاب کیا گیا ہے اور سوال اٹھایا ہے کہ 16 سال میں کابل جیسے شہر کو بھی محفوظ نہیں بنایا جا سکا تو امریکہ کو دیکھنا ہوگا کہ وہ اس جنگ میں کہاں کھڑا ہے۔

رپورٹ میں جب صحافی نے یہ سوال افغان صدر اشرف غنی کے سامنے رکھا تو انہوں نے یہ موقف دیا کہ افغانستان میں اکیس عالمی دہشت گرد گروپ موجود ہیں جن کی جنگ اب فوج کی بجائے عوام کے ساتھ شروع ہو چکی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ افغان دفاعی بجٹ کا 90فی صد امریکا ادا کر رہا ہے اس کے باجود حالات تشویشناک ہیں اور گزشتہ سال کے محض 4 ماہ کے دوران 2500 ہلاکتیں اور 4 ہزار افغان فوجی زخمی ہوئے۔

 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں