نواز شریف نے ملازمین کے ذریعے کروڑوں کی منی لانڈرنگ کی، عمران خان کا دعویٰ

نواز شریف نے ملازمین کے ذریعے کروڑوں کی منی لانڈرنگ کی، عمران خان کا دعویٰ

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا 1992 کے بعد شریف خاندان کی دولت میں بے پناہ اضافہ ہوا کیونکہ شریف بردران پنجاب پولیس کے اہلکاروں سے بھی منی لانڈرنگ کروا رہے ہیں۔ یہ لوگ پنجاب پولیس سے منی لانڈرنگ کراتے ہیں تو اسکا برا حال ہونا ہی ہے۔ حدیبیہ پیپر ملز کے ذریعے انھوں نے منی لانڈرنگ کی پھر کہتے ہیں انہیں اقامہ پر نکالا گیا جو بڑا ظلم ہوا۔

عمران خان نے بتایا کہ ہل میٹل سے متعلق ہماری ٹیم نے نئے انکشافات کیے ہیں جس کے مطابق نواز شریف نے 80 کروڑ روپے مریم نواز کے نام کر دیے ہیں اور ہل میٹل 114 کروڑ 68 لاکھ روپے نواز شریف کو بھیج چکی تھی جبکہ نواز شریف کا ڈرائیور 18 کروڑ روپے بھیجتا ہے اور پھر جاتی امرا کا ڈرائیور پنوں 5 کروڑ روپے ایک شخص کو بھیج رہا ہے یہ رقم ڈرائیورز کو نہیں مل رہی تھی بلکہ یہ منی لانڈرنگ کر رہے ہیں کیونکہ یہاں سے جانے والا کالا دھن سفید ہو کر واپس آتا تھا۔

عمران خان نے دعویٰ کیا کہ حدیبیہ پیپر ملز منی لانڈرنگ کے لیے بنائی گئی تھی 174 کروڑ روپے ان کے پاس باہر کی کمپنی سے آئے۔ انہوں نے وزیر خارجہ خواجہ آصف پر تنقید کرتے ہوئے کہا خواجہ اقامہ آصف نے آج اسمبلی میں بہت دھواں دھار تقریر کی تاہم نواز شریف سمیت خواجہ آصف جیسے لوگوں نے اسمبلی تباہ کی کیونکہ پارلیمنٹ کو اوپر لے کر بھی اراکین جاتے ہیں اور نیچے بھی۔

انہوں نے خواجہ آصف کے بارے میں مزید انکشاف کیا کہ خواجہ آصف کے بینک اکاونٹس سے امریکا پیسے جا رہے ہیں جو انکی بیوی کو ملتے ہیں جبکہ ملک کا وزیر خارجہ دبئی میں ایک کمپنی میں کام کر رہا ہے جس کی 16 لاکھ روپے تنخواہ ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا نواز شریف کو تین سو ارب روپے کا جواب دینا ہے اور یہ امریکا میں جا کر کہتے ہیں ہم لبرل ہیں کیوںکہ امریکا میں انکا پیسا پڑا ہوا ہے۔ شریف خاندان نے ہمیشہ اداروں پر دباؤ ڈالا ہے تاہم نیب نے وزیراعلیٰ پنجاب کو طلب کرکے بہت زبردست کام کیاہے کیونکہ کرپشن کے خلاف کارروائی کیلیےقوم چیئرمین نیب کی طرف دیکھ رہی ہے۔

عمران خان نے سوال کیا کہ مجھے یہ بتائیں کہ کون سی ایسی اسمبلی ہے جو ایک 300 ارب چوری کرنے والے شخص کے لیے قانون بنا کر اسے پارٹی کا سربراہ بناتی ہے۔ دنیا کے کسی مہذب معاشرے میں اگر کوئی اس طرح سے پکڑا جائے تو وہ جیل میں ہو لیکن یہ یہاں 'کیوں نکالا، کیوں نکالا' کر رہے ہیں'۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں