وزارت داخلہ نے بلٹ پروف گاڑیوں کیلئے نئی پالیسی کا اعلان کر دیا

وزارت داخلہ نے بلٹ پروف گاڑیوں کیلئے نئی پالیسی کا اعلان کر دیا


اسلام آباد:وزارت داخلہ نے سابقہ تمام پالیسیوں کو فوری طور پر منسوخ کرنے کا حکم دیتے ہوئے بلٹ پروف گاڑیوں کے لئے نئی پالیسی کا اعلان کردیا ہے ۔
ڈپٹی سیکرٹری سیکورٹی مرزا خالد محمود کی جانب سے جاری کی جانے والی پالیسی کے مطابق سابقہ تمام پالیسیوں کو فی الفور منسوخ کردیا گیا ہے،نئی پالیسی کے مطابق گاڑیوں کی امپورٹ اور تیاری کیلئے وزارت داخلہ سے منظوری لینا ہوگی اور اس حوالے سے 25 سال سے زائد عمر شخص ادارہ اور نجی کمپنیاں رجوع کرسکیں گی،انفرادی طور پر درخواست دینے والے شخص کا ٹیکس دہندہ اور اچھے چال چلن کا مالک ہونا ضروری قرار دیا گیا ہے اور وزارت داخلہ سے آرمڈ گاڑیوں کی امپورٹ اور مقامی سطح پر تیاری کی اجازت ایک سال تک استعمال نہ کرنے پر خود بخود منسوخ ہوجائی گی۔


وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کی گئی نئی پالیسی کے مطابق 50ملین سالانہ ٹیکس ادا کرنے والی فرمز اور 10ملین سالانہ یا اس سے زائد ٹیکس ادا کرنے والے افراد کیدرخواستوں کو ترجیح دی جائی گی جبکہ سفارتی مشن اور عالمی ادارے بھی وزارت خارجہ کے ذریعے سیکورٹی ایجنسیز سے کلیئرنس سرٹیفکیٹ حاصل کرنا لازم ہوگا جس کے بعد اس کی وزارت داخلہ سے منظوری لینا بھی لازمی ہوگا اور اس پالیسی کا اطلاق فوری طور پر پورے ملک میں کیا جائے گا،نئی پالیسی سے ملک بھر میں بلٹ اور بم پروف گاڑیوں کی امپورٹ اور مقامی سطح پر تیاری میں مزید آسانیاں پیدا کردی گئی ہیں۔


یاد رہے کہ سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کے حکم پر اس حوالے سے تمام پالیسیوں کو ختم کردیا گیا تھا ۔