امریکی نمائندہ خصوصی کی شاہ محمود قریشی سے ملاقات، اہم امور پر تبادلہ خیال

امریکی نمائندہ خصوصی کی شاہ محمود قریشی سے ملاقات، اہم امور پر تبادلہ خیال
کیپشن: افغانستان میں قیام امن کے لیے مفاہمتی عمل مشترکہ ذمہ داری ہے، شاہ محمود قریشی۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمتی عمل زلمے خلیل زاد نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی جس کے دوران افغان مفاہمتی عمل پر ہونے والی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دفتر خارجہ میں ہونے والی ملاقات میں زلمے خلیل زاد کے ہمراہ امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ، دفاع اینڈ نیشنل سیکیورٹی کونسل کے نمائندے بھی پہنچے۔

اس موقع پر شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ خطے میں امن و استحکام سے متعلق پاکستان اپنی کاوشیں جاری رکھے گا اور افغانستان میں قیام امن کے لیے مفاہمتی عمل مشترکہ ذمہ داری ہے۔

امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے امریکا اور طالبان کے درمیان مذاکرات کے لیے سہولت کاری پر وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ امریکا، افغانستان میں قیام امن سے متعلق پاکستان کی کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

یاد رہے کہ منصب سنبھالنے کے بعد امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمتی عمل زلمے خلیل زاد کا یہ خطے کا پانچواں دورہ ہے۔