پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار نوجوانوں سے متعلق قومی سروے کا فیصلہ

پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار نوجوانوں سے متعلق قومی سروے کا فیصلہ
کیپشن: پہلی بار ملک بھر کے نوجوانوں سے متعلق ڈیٹا بیس اکٹھا کیا جائے گا، عثمان ڈار۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیراعظم کی ہدایت پر معاون خصوصی عثمان ڈار کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں پاکستان میں تعینات اقوام متحدہ کے اعلیٰ حکام اور محکمہ شماریات کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران نیشنل یوتھ ڈیویلپمنٹ انڈیکس پروگرام فوری طور پر شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور معاون خصوصی عثمان ڈار نے 'کامیاب نوجوان' کے نام سے اس منصوبے کی منظوری دی۔

اس موقع پر عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ پہلی بار ملک بھر کے نوجوانوں سے متعلق ڈیٹا بیس اکٹھا کیا جائے گا اور اس مقصد کے لیے ملک بھر میں اضلاع اور تحصیل کی سطح پر سروے کیا جائے گا۔

اس منصوبے کے تحت تعلیم، صحت اور روزگار سے متعلق نوجوانوں کی ترجیحات کا تعین کیا جائے گا اور حکومت کو یہ جاننے میں مدد ملے گی کہ کس صوبے میں نوجوانوں کو کون سے مسائل ہیں۔

عثمان ڈار کے مطابق سروے کے دوران ہر نوجوان کی ذاتی رائے بھی لی جائے گی اور سروے رپورٹ آتے ہی نیشنل یوتھ ڈیویلپمنٹ پروگرام شروع کر دیا جائے گا۔