مہمند ڈیم کے کنٹریکٹ کا معاملہ، شہباز شریف کا ایوان کی کمیٹی بنانے کا مطالبہ

مہمند ڈیم کے کنٹریکٹ کا معاملہ، شہباز شریف کا ایوان کی کمیٹی بنانے کا مطالبہ
کیپشن: عوام اور مانگے تانگے کا پیسا آنکھوں پر پٹی باندھ کر خرچ کیا جا رہا ہے، اپوزیشن لیڈر۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: قومی اسمبلی میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے قائد حزبِ اختلاف شہباز شریف نے کہا کہ وزیراعظم کے مشیر رزاق داؤد سے کوئی ذاتی مسئلہ نہیں اور مہمند ڈیم کے ٹھیکے کے معاملے پر اسپیکر رولنگ دیں۔

انہوں نے کہا کہ یہاں سنگل بڈ پر 309 ارب روپے کا پروجیکٹ دیا جا رہا ہے اور پیپرا رولز کہتا ہے کہ ایک بڈر ہو تو دوبارہ بڈنگ کرائیں یا مارکیٹ سے چیک کریں کہ آفر مناسب ہے لہٰذا مطالبہ کرتا ہوں کہ اس معاملے پر ہاؤس کمیٹی فوری قائم کی جائے ۔

اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ عوام اور مانگے تانگے کا پیسا آنکھوں پر پٹی باندھ کر خرچ کیا جا رہا ہے لیکن عوام کا پیسا کہاں خرچ ہو رہا ہے یہ عوام کو جاننے کا حق ہے اور ہم نے منصوبوں میں اربوں روپے بچائے۔

شہباز شریف نے مطالبہ کیا کہ اس پورے معاملے کی تحقیقات کر کے رپورٹ ایوان میں پیش کی جائے۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے صنعت و تجارت عبدالرزاق داؤد کی ملکیتی کمپنی 'ڈیسکون' نے مہمند ڈیم کی تعمیر کا ٹھیکا حاصل کیا ہے جس کے بعد اپوزیشن کی جانب سے اس معاملے پر شدید تنقید کی جا رہی ہے۔