حکومتی وفد ایم کیو ایم کو منانے میں ناکام، ایم کیو ایم ہمارے ساتھ ہے، پرویز خٹک

حکومتی وفد ایم کیو ایم کو منانے میں ناکام، ایم کیو ایم ہمارے ساتھ ہے، پرویز خٹک

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں کے درمیان اہم ملاقات بنا کسی نتیجے کے ختم ہو گئی، ایم کیو ایم نے پی ٹی آئی کی شرائط ماننے سے انکار کر دیا۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو  کرتے ہوئے  وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا کہ ایم کیو ایم کی جانب سے خوش آمدید کہنے پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم حکومت کو چھوڑ کر نہیں رہی، تمام اتحادی ہمارے ساتھ ہیں اور ہم 5 سال پورے کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہایم کیو ایم ہمارے ساتھ ہے اور ہم ہمیشہ ہی ساتھ رہیں گے۔ چھوٹی چھوٹی باتیں ہیں جو بہت جلد حل ہو جائیں گی، انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے وفد تشکیل دیا تھا اس لیے اتحادیوں سے بات کر رہے ہیں۔ ہم جلد عوام کو خوشخبری دیں گے۔ 

دوسری طرف ایم کیو ایم رہنما خالد مقبول صدیقی نے کابینہ میں واپسی سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے کوئی ذاتی یا شخصی مفادات نہیں ہیں۔ پی ٹی آئی بنی تو ایم کیو ایم نے غیر مشروط حمایت کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم کے نتیجے میں ہمیں دھوکا دیا گیا اور 11 سال سندھ کے شہری علاقوں میں معاشی دہشتگردی کی گئی۔