کراچی : خاتون گھر میں لگی آگ سے جاں بحق

 کراچی : خاتون گھر میں لگی آگ سے جاں بحق

کراچی : شہر قائد کے علاقے گلشن اقبال میں کم زور یادداشت والی ضعیف خاتون کے ہاتھوں گھر کو آگ لگ گئی ، حادثے میں خاتون جاں بحق ہو گئیں۔


تفصیلات کے مطابق صبح نو بجے کے آس پاس گلشن اقبال بلاک 5 میں واقع ایک گھر میں گیس لیکج کے باعث دھماکے سے آگ لگ گئی، جس کے نتیجے میں گھر کی 70 سالہ ضعیف خاتون پروین بی بی جاں بحق ہو گئیں، جب کہ گھر کے نچلے حصے میں ایک بیڈ روم اور کچن مکمل طور پر جل گئے،پہلی منزل پر بھی آگ لگنے سے نقصان پہنچا۔ گھر میں ضعیف خاتون کی بھولنے کی عادت کی وجہ سے آتش زدگی کا واقعہ پیش آیا، واقعے کے بعد فائر بریگیڈ کی گاڑی نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا، پولیس اور رینجرز کے اہل کاروں نے بھی موقع پر پہنچ کر جلے ہوئے گھر کا جائزہ لیا، تفیتشی ٹیم نے بھی اپنی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔

گھر کے معمر مالک عمر شریف کا کہنا تھا کہ ان کی آنکھ دھماکے کی آواز سے کھلی، گھر میں ان کی بیٹی بھی الگ کمرے میں سو رہی تھیں، بیوی الگ کمرے میں تھیں، کہ اچانک زور دار دھماکا ہوا اور وہ جاگے تو انھوں نے دیکھا کہ بیوی کے بیڈ روم سے شعلے لپک کر باہر نکل رہے تھے۔ بیوی کا ذکر کرتے ہوئے گھر کے مالک رو پڑے۔ گھر کے ڈرائیور کے مطابق 70 سالہ ضعیف خاتون پروین بی بی کو بھولنے کی عادت تھی، میں 25 سال سے اس گھر میں ملازمت کر رہا ہوں، خاتون صبح چائے بناتی تھیں اور پھر کچن کے برابر اپنے کمرے میں لیٹ جاتی تھیں، خاتون ایک بار چائے بنانے کے بعد بھولے سے پھر چائے بنانے آ جاتی تھیں، کئی بار ایسا ہوا کہ خاتون چولھا جلانے کے بعد اسے بند کرنا بھی بھول گئی تھیں۔