تعلیمی اداروں سے متعلق این سی او سی کا آج اہم اجلاس

تعلیمی اداروں سے متعلق این سی او سی کا آج اہم اجلاس

اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر( این سی او سی) کا آج تعلیمی اداروں کے حوالے سے  اہم اجلاس ہو گا جس میں تعلیمی اداروں  میں بڑے پیمانے پر کورونا ٹیسٹنگ کے علاوہ   آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سےغور کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز  اسلام آباد میں وفاقی وزیراسد عمر کی زیرصدارت این سی او سی کا خصوصی اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزرائے تعلیم بھی شریک ہوئے۔ شرکاء کو کورونا ایس او پیز کے نفاذ اور ویکسی نیشن کے حوالے سے اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔این سی او  نے  تعلیمی اداروں میں بڑے  پیمانے پر کورونا ٹیسٹسنگ کرنے کا فیصلہ بھی  کیا  تاہم تعلیمی اداروں کو کھلا رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔
این سی او سی نے کہا کہ اسکولوں میں کورونا کیسز کا ڈیٹا اکھٹا کیا جائے گا اور مثبت کیسز کی شرح دیکھ کر آئندہ کےلیے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبائی حکومتیں 48 گھنٹے میں تعلیمی اداروں کے حوالے سے نئی ایس او پیز جاری کریں گی۔

اجلاس میں وزیر تعلیم پنجاب مراد راس نے کہا کہ تعلیمی اداروں کی بندش سے  پہلے بچوں کا کافی نقصان ہوچکا ہے اب مزید  بند نہیں کیا جا سکتا۔دیگر  صوبائی وزرائے تعلیم نے بھی  تعلیمی اداروں کو مزید بند نہ کرنے پر اتفاق کیا۔ انہوں نے اپنی متفقہ  رائے دیتے ہوئے کہا جب تک دیگر چیزیں بند نہیں ہوں گی اس وقت تک تعلیمی ادارے بھی بند نہ کیے جائیں ۔ تاہم  این سی او سی کے آج ہونے والے  اہم اجلاس میں  حتمی فیصلہ متوقع ہے۔