سعودی ائیرلائن نے عمرہ زائرین کیلئے نیا سرکلر جاری کر دیا

سعودی ائیرلائن نے عمرہ زائرین کیلئے نیا سرکلر جاری کر دیا
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

ریاض: سعودی ائیرلائن نے عمرہ زائرین کیلئے نیا سرکلر جاری کر دیا ہے جس کے مطابق سعودی عرب میں 5 دن قرنطینہ لازمی قرار دیا گیا ہے جبکہ ایجنٹس اور بکنگ سینٹر کو قرنطینہ بکنگ کے بغیر ٹکٹ جاری کرنے سے روک دیا گیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق سعودی ائیرلائن کی جانب سے جاری کئے گئے نئے سرکلر میں عمرہ زائرین کو ہدایت کی ہے کہ وہ ٹکٹ کی خریداری سے پہلے 5 روزہ قرنطینہ پیکیج لیں جبکہ ائیرلائن انتظامیہ قرنطینہ پیکیج کے بغیر مسافروں کو جہاز میں سوار نہ کرے۔ 
دوسری جانب کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں کمی کے باعث 2 سال بعد عالم اسلام کیلئے مسجد نبوی ﷺ میں اجتماعی سحری و افطاری کا دوبارہ سے اہتمام کرنے کی اجازت بھی دیدی گئی ہے اور مسجد نبوی ﷺ کے حکام کا کہنا ہے کہ افطار کا اہتمام سخت ایس او پیز میں کیا جائے گا۔ 
حکام کے مطابق افطار کا کھانا فراہم کرنے والے کھانا تیار کرنے کیلئے منظور شدہ کیٹرنگ کمپنیوں کے ساتھ معاہدہ کریں گے اور سماجی فاصلہ برقرار رکھنے پر عمل کرتے ہوئے ایک دستر خوان پر 5 افراد کو بیٹھنے کی اجازت ہو گی اور تمام افراد ایک ہی رخ بیٹھیں گے۔ 
مسجد نبوی ﷺ میں افطار دسترخوانوں کیلئے لائسنس حاصل کرنے کا آغاز آئندہ ماہ سے کیا جائے گا جس کی تاریخ کا اعلان بھی انتظامیہ کی جانب سے جلد ہی کر دیا جائے گا۔