ویرات کوہلی کا کپتانی چھوڑنے کا فیصلہ درست ہے: شاہد آفریدی

ویرات کوہلی کا کپتانی چھوڑنے کا فیصلہ درست ہے: شاہد آفریدی
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سابق کپتان اور جارح مزاج آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے ویرات کوہلی کے کپتانی چھوڑنے کے فیصلے کو درست قرار دیدیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق ویرات کوہلی کی جانب سے بھارتی ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی چھوڑنے کے اعلان نے شائقین کرکٹ کو حیران کر دیا ہے اور بھارتی مداح اس حقیقت کو تسلیم نہیں کر پا رہے کہ ویرات کوہلی اب کپتان نہیں رہے، لیکن اب شاہد خان آفریدی نے بھی اس معاملے پر اپنا ردعمل دیدیا ہے۔ 
شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ میری رائے میں یہ فیصلہ درست ہے کیونکہ ویرات کوہلی نے بہت کرکٹ کھیلی ہے اور بہترین انداز میں ٹیم کی قیادت کی۔ اور میرا ماننا ہے کہ انہوں نے درست فیصلہ کیا۔ ایسا وقت آتا ہے جب آپ دباؤ برداشت نہیں کر پاتے اور اس وجہ سے آپ کی کارکردگی بھی متاثر ہوتی ہے۔ لہٰذا میرے خیال سے ویرات کوہلی نے طویل عرصہ ٹیم کی قیادت کر لی اور اب بطور بلے باز کرکٹ سے لطف اندوز ہونے کا وقت ہے۔ 
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ ویرات کوہلی نے گزشتہ دو سال میں ایک بھی سنچری سکور نہیں کی ۔ میدان میں بلے بازی ہو یا پھر آئی سی سی کی رینکنگ، ویرات کوہلی اپنا جادو برقرار رکھنے میں بھی ناکام رہے اور شائد یہی وجہ ہے کہ ان کے کپتانی چھوڑنے اور بطور بلے باز کھیلنے کے فیصلے کو اکثریت کی جانب سے سراہا گیا ہے۔