"نظام ضروری ہے لیکن جمہوریت اور پارلیمنٹ کو محفوظ بنایا جائے": خورشید شاہ

اسلام آباد: قائدحزب اختلاف سید خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ نظام ضروری ہے لیکن اس سے پہلے جمہوریت اور پارلیمنٹ کو بھی محفوظ بنایا جائے۔

پاناما کیس کی کارروائی دیکھنے کے لئے سپریم کورٹ آمد کے موقع پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ان حالات میں ایک ہی راستہ ہے کہ وزیراعظم استعفا دے دیں کیوں کہ نظام ضروری ہے اور اس سے پہلے جمہوریت اور پارلیمنٹ کو محفوظ بنایا جائے۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ دنیا کی بڑی عدالتوں سے انصاف ہی کی توقع ہوتی ہے لیکن سب سے بڑی عدالت اللہ کی ہے اور انسانوں کے لئے بڑی عدالت سپریم کورٹ ہے۔

سپریم کورٹ آمد سے متعلق پوچھے گئے سوال پر خورشید شاہ نے کہا کہ اپوزیشن سپریم کورٹ میں موجود ہے اس لئے اپوزیشن سے یکجہتی کے لئے یہاں آئے ہیں۔سپریم کورٹ آمد کے موقع پر قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کے ہمراہ پیپلز پارٹی کے دیگر رہنماؤں میں ندیم افضل چن اور فیصل کریم کنڈی بھی تھے۔خیال رہے کہ پاناما کیس میں مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی رپورٹ پر عملدرآمد بینچ سماعت کر رہا ہے جس میں تحریک انصاف، جماعت اسلامی اور عوامی مسلم لیگ فریق ہیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔