یمن کے تنازع پر سعودی عرب سے براہ راست تصادم کا خطرہ نہیں، ایران

یمن کے تنازع پر سعودی عرب سے براہ راست تصادم کا خطرہ نہیں، ایران

نیویارک:ایران کے وز یر خارجہ جواد ظریف نے کہا ہے کہ انھیں امید ہے کہ یمن کا تنازع تہران اور ریاض کے درمیان براہِ راست تصادم کا باعث نہیں بنے گا۔جواد ظریف نے نیویارک میں اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل برائے خارجہ امور کو بتایا کہ یمن میں جاری خانہ جنگی سے کسی کو فائدہ نہیں پہنچ رہا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ یمن تنازعے نے ایک اشتعال انگیز انسانی بحران پیدا کیا جس میں تہران اور ریاض مختلف پہلوئوں کی حمایت کر رہے ہیں۔ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کے مطابق یمن اور شام کے تنازعے پر اتفاق رائے نہ ہونے کے باوجود ایران اور سعودی عرب ایسے تنازعوں کو ختم کرنے کے لیے مل کر کام کر سکتے ہیں۔

انھوں نے یہ بھی کہا کہ ایران جوہری ہتھیار لے جانے کی صلاحیت رکھنے والے بیلسٹک میزائل کو ڈیزائن نہیں کر رہا ہے۔خیال رہے کہ سنی اکثریتی ملک سعودی عرب اور شیعہ اکثریتی ایران کے درمیان حالیہ چند برسوں میں شدید نوعیت کے اختلافات ابھر کر سامنے آئے ہیں۔سعودی عرب ایران پر الزام عائد کرتا ہے کہ وہ یمن میں حوثی باغیوں کی مدد کر رہا ہے جس کی ایران سختی سے تردید کرتا آیا ہے۔سعودی عرب نے اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر تقریبا دو برس پہلے یمن میں باغیوں کے خلاف کارروائیوں کا آغاز کیا تھا تاہم اب بھی یمن کے کئی علاقوں پر باغیوں کا قبضہ برقرار ہے۔یمن کے معاملے پر ایران اور سعودی عرب کے تعلقات میں کشیدگی سے پہلے ہی شام کی صورتحال پر دونوں ممالک کے تعلقات تلخ ہو چکے تھے۔

چند ماہ پہلے سعودی عرب کی فوج کے ایک ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ وقت ہے کہ مشرق وسطی ایک نئی حکمت عملی اپنائی جائے تاکہ ایران کا رویہ تبدیل ہو سکے کیونکہ عراق، شام اور یمن جیسے ممالک میں ایران کی مداخلت اور عزائم بڑا خطرہ ہیں.

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں.