لاہور ہائیکورٹ نے وزیر اعلی شہباز شریف کی نااہلی کی درخواست خارج کر دی

لاہور ہائیکورٹ نے وزیر اعلی شہباز شریف کی نااہلی کی درخواست خارج کر دی

لاہور ؛ لاہور ہائیکورٹ نے شہباز شریف کی نااہلی کی درخواست خارج کردی ، پاکستان تحریک انصاف کے سر براہ عمران خان نے شہباز شریف کی نا اہلی کے لئے در خواست دائر کی تھی۔لاہور ہائی کورٹ نے شہبازشریف کی نااہلی کی درخواست کوناقابل سماعت قراردیتے ہو ئے خارج کیا۔عمران خان کی جانب سے دائر کی جانے والی در خواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ شہباز شریف عوامی عہدہ رکھنے کے ساتھ ذاتی کاروبار سے منسلک رہے اور انہوں نے اپنے بھائی نواز شریف کو 6 ارب روپے کے تحائف بھی دیئے لیکن انہوں نے کسی بھی منی ٹریل میں 6 ارب روپے کا ذکر تک نہیں کیا۔

عمران خان کے وکیل ڈاکٹر بابر اعوان کی جانب سے شہباز شریف کو وزارت اعلی کے عہدے سے ہٹانے کیلئے آ ئین کے آرٹیکل  199کے تحت درخواست دائر کی تھی جس میں شہباز شریف اور الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا۔درخواست میں پاناما کیس کی تحقیقات کرنے والی ٹیم کی جانب سے مرتب کردہ رپورٹ کا بھی اپنی درخواست میں حوالہ دیاتھا اور موقف اختیار کیا تھا کہ جے آئی ٹی رپورٹ میں شریف خاندان کے اثاثے آمدن سے مماثلت نہیں رکھتے لہذا عوامی عہدہ رکھتے ہوئے کاروبار کرنے اور عہدے کا غلط استعمال کرنے پر وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کو عہدے سے ہٹایا جائے.

تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی طرف سے وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کی نااہلی کے لئے درخواست ابتدائی سماعت کیلئے منظور  کی تھی آج  اس درخواست پر سماعت ہو ئی جس کا پہلے فیصلہ محفوظ کر لیا گیا تھا اور اب محفوظ فیصلہ سنایا گیا جس کے تحت شہباز شریف کی نااہلی کی درخواست خارج کردی،لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے درخواست پر ابتدائی سماعت کی، تاہم جسٹس شاہد کریم نے درخواست کو ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کر دیا ہے.

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں