ایران میں امریکی جاسوس گرفتار، 10سال قید کی سزا

ایران میں امریکی جاسوس گرفتار، 10سال قید کی سزا

تہران:امریکی جاسوس کو ایران میں گرفتار کر لیا گیا، ملزم غیرملکی ایجنڈے پر کام کرتے ہوئے تہران مخالف سرگرمیوں میں ملوث تھا۔

تفصیلات کے مطابق ایرانی عدالت نے امریکی شہری کو جاسوسی اور دوہری شہریت رکھنے کے الزامات پر 10 سال قید کی سزا سنا دی ہے۔ ایران کی جوڈیشل کونسل کے ترجمان غلام حسین محسنی ایجی نے بتایا کہ دوہری شہریت کا یہ مقدمہ سکیورٹی کے الزامات پر قائم کیا گیا تھا۔
سزا پانے والے شخص کا نام فی الحال نہیں بتایا گیا اور نہ ہی یہ بتایا کہ سزا کا حکم کب سنایا گیا لیکن ایک بات واضح کی گئی ہے کہ وہ شخص امریکی شہری ہونے کے ساتھ ساتھ ایک اور ملک کا بھی شہری تھا لیکن وہ ملک ایران نہیں تھا۔
یہ شخص حساس معلومات اکٹھی کر رہا تھا اور اسے براہ راست امریکا سے راہنمائی مل رہی تھی۔ ملزم غیرملکی ایجنڈے پر کام کرتے ہوئے تہران مخالف سرگرمیوں میں ملوث تھا جس کے پیش نظر اسے سزا سنائی گئی ہے ، لیکن اس سزا کے خلاف اپیل کی جا سکتی ہے۔