دبئی: ٹرک اور وین میں تصادم، 3 افراد جاں بحق، 8 زخمی

دبئی: ٹرک اور وین میں تصادم، 3 افراد جاں بحق، 8 زخمی
کیپشن: image by facebook

دبئی: متحدہ عرب امارات میں ٹرک اور وین کے درمیان تصادم ہوا جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور 8 زخمی ہوگئے۔

عرب میڈیا کے مطابق حادثہ دوپہر ایک بجے امارات سے شارجہ جانے والی شاہراہ پر تیز رفتاری کی وجہ سے پیش آیا، حادثے کے بعد جائے وقوعہ پر موجود لوگوں نے مقامی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کو مطلع کیا جس کے بعد زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔

ہسپتال منتقل کیے جانے والے 8 میں سے 3 شدید زخمی ہونے والے افراد راستے میں ہی دم توڑ گئے جبکہ دو کو تشویشناک حالت کے باعث انتہائی نگہداشت وارڈ میں رکھا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیئے:افغانستان کے صوبے سرپل میں داعش کا حملہ، طالبان کمانڈر سمیت 20 افراد ہلاک
 
  مقامی انتظامیہ کے حکام کا کہنا ہے کہ حادثہ تیز رفتاری اور غفلت برتنے کی وجہ سے پیش آیا، دونوں گاڑیوں کے ڈرائیورز نے مخصوص فاصلہ نہیں رکھا تھا۔

محکمہ پولیس کے سربراہ کا کہنا ہے کہ ہائی وے پر آنے والے ڈرائیورز کو متنبہ کیا جاچکا ہے کہ وہ گاڑی چلانے کے دوران احتیاط اور حاضر دماغی سے کام لیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ ’ہم ٹریفک حادثات سے بچنے کے لیے لوگوں کو آگاہی دیتے ہیں اور سرکاری سطح پر اقدامات بھی کرتے ہیں تاہم ابھی تک سارے عوام کو شعور نہیں دیا جاسکا۔

واضح رہے کہ حادثات کی روک تھام کے سلسلے میں دبئی حکام کی جانب سے نیا قانون بھی متعارف کروایا گیا تھا جس کے تحت ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کی گاڑیوں کو مالک کے گھر کے باہر ہی کھڑا کردیا جائے گا۔

یاد رہے کہ دبئی میں ٹریفک قوانین کے خلاف ورزی کرنے پر بھاری جرمانہ عائد کرنے کے ساتھ ساتھ گاڑیاں بھی ضبط کی جاچکی ہیں۔