امریکی کمپنی کے مالک نے ملازم کو اپنی گاڑی دے دی، وجہ انتہائی حیران کن

امریکی کمپنی کے مالک نے ملازم کو اپنی گاڑی دے دی، وجہ انتہائی حیران کن

واشنگٹن: امریکی کمپنی کے مالک نے اس ملازم کو اپنی نئی گاڑی تحفے میں دے دی جو ساری رات پیدل چل کر 32 کلومیٹر دور سے نوکری کے پہلے دن کام پر پہنچا تھا۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق جب والٹر کار کی اپنی گاڑی خراب ہو گئی تو انھوں نے امریکی ریاست الباما کے شہر برمنگھم کے نواحی علاقے میں واقع ایک گھر پیدل چل کر جانے کا فیصلہ کیا جہاں انھیں سامان منتقل کرنے کے لیے بلایا گیا تھا۔راستے میں ایک پولیس اہلکار والٹر کی ہمت سے اس قدر متاثر ہوا کہ انھیں ناشتہ کروا دیا۔جب یہ کہانی سوشل میڈیا پر پہنچی تو لوگوں نے والٹر کی تعریفوں کے پل باندھ دیئے۔

والٹر بیل ہاپس نامی کمپنی میں کام کرتے ہیں جو سامان کی منتقلی کا کام کرتی ہے۔اس کمپنی کی ایک گاہک جیمی لیمی نے فیس بک پر لکھا کہ انھیں اپنے گھر کا سامان منتقل کروانا تھا کہ دروازے کی گھنٹی بجی اور ایک پولیس اہلکار والٹر کار کے ہمراہ وہاں کھڑا تھا۔ پولیس اہلکار نے بتایا کہ والٹر تمام رات چل کر وہاں تک پہنچے تھے کیوں کہ انھیں گھر کے سامان کی منتقلی کا کام کرنا تھا۔لیمی نے لکھا کہ انھوں نے والٹر کو کہا کہ وہ پہلے تھوڑا دم لے لیں لیکن انھوں نے انکار کر دیا اور فوراً کام پر ج±ٹ گئے۔

کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو لوک مارکلن ریاست ٹینیسی سے اپنے اس نئے ملازم کو دیکھنے کے لیے آئے۔والٹر کے ساتھ کافی پینے کے بعد انھوں نے اپنی 2014 ماڈل کی فورڈ ایسکیپ گاڑی ان کے حوالے کر دی۔والٹر نے بتایا کہ یہ میری پہلی نوکری ہے، اور میں انھیں دکھانا چاہتا تھا کہ میرے اندر جذبہ ہے۔ میں سوچا کہ جیسے بھی ہو، میں کام کر دکھاو¿ں گا۔'