عمران خان نے نیب میں پیشی کیلئے مہلت مانگ لی

عمران خان نے نیب میں پیشی کیلئے مہلت مانگ لی
کیپشن: نیب مناسب سمجھے تو آئندہ سماعت کیلئے سات اگست کی تاریخ مقرر کر لے، وکیل عمران خان۔۔۔۔فائل فوٹو

پشاور: قومی احتساب بیورو (نیب) خیبرپختونخوا نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو سرکاری ہیلی کاپٹر کے استعمال کے کیس میں آج طلب کیا تھا تاہم انہوں نے پیش ہونے سے معذرت کر لی ہے۔

عمران خان کے وکیل ڈاکٹر بابر اعوان نے نیب کے مراسلے کا جواب بھجوایا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ عمران خان سیاسی عزائم سے مبرا مکمل طور پر شفاف احتساب کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے ہمیشہ نیب کو مضبوط بنانے کی وکالت کی اور انتخابات میں کامیاب ہوئے تو اسے مضبوط بنائیں گے۔

مزید پڑھیں: نواز شریف کیخلاف ریفرنسز کا ٹرائل کھلی عدالت میں ہو گا، وفاقی کابینہ کا فیصلہ


نوٹس کے جواب میں کہا گیا ہے کہ انتخابات کی آمد آمد ہے اور عمران خان تحریک انصاف کی انتخابی مہم کی قیادت کر رہے ہیں۔  18 جولائی کو پہلے سے طے شدہ مصروفیات کے باعث عمران خان کے لئے پیشی مشکل ہے اور نیب مناسب سمجھے تو آئندہ سماعت کے لئے سات اگست کی تاریخ مقرر کر لے۔

واضح رہے کہ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے 2 فروری کو عمران خان کی جانب سے خیبرپختونخوا حکومت کے 2 ہیلی کاپٹرز کو غیرسرکاری دوروں کے لئے نہایت ارزاں نرخوں پر استعمال کا نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کا حکم دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: آصف زرداری اور فریال تالپور کا نام ای سی ایل سے نکال دیا گیا

نیب کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ عمران خان نے ایم آئی 17 پر 22 گھنٹے اور ایکیوریل ہیلی کاپٹر پر 52 گھنٹے پرواز کی اور اوسطاً 28 ہزار روپے کے حساب سے 74 گھنٹوں کے 21 لاکھ 7 ہزار 181 روپے ادا کیے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں