ملک کے بیشتر علاقوں میں ساون کی جھڑی لگ گئی

ملک کے بیشتر علاقوں میں ساون کی جھڑی لگ گئی

 لاہور: ملک کے بیشتر علاقوں میں ساون کی جھڑی لگ گئی، اندرون سندھ اور بلوچستان پر قدرت مہربان ہوگئی۔ بارش کا سلسلہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران جاری رہے گا۔


تفصیلات کے مطابق جیکب آباد، کندھ کوٹ، سبی اور نواحی علاقوں میں بادل برس پڑے۔ اسلام آباد، پشاور اور خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں رات سے بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ کراچی میں بھی رم جھم کا امکان ہے۔ رواں ہفتے کے دوران ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں تیز آندھی کے ساتھ مزید مون سون بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

اس دوران شمالی علاقہ جات میں موجود گلیشئرز ٹوٹنے کا خدشہ ہے، تباہ کن سیلابی ریلوں اور بارشوں کا امکان ہونے کی وجہ سے ہنگامی الرٹ بھی جاری کیا گیا ہے۔ لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں دھوپ اور بادل کا کھیل جاری، آج بادل برسیں گے، لاہور میں درجہ حرارت33 ڈگری کے آ س پاس ہے۔