توہین عدالت کیس، سابق سینیٹر فیصل رضا عابدی باعزت بری

توہین عدالت کیس، سابق سینیٹر فیصل رضا عابدی باعزت بری
کیپشن: قانون میں گنجائش ہے کہ مس کنڈکٹ کے حوالے سے الیکٹرونک میڈیا میں بات کر سکتے ہیں، فیصل رضا عابدی۔۔۔۔۔۔۔فوٹو/ سوشل میڈیا

اسلام آباد: توہین عدالت کیس میں سابق سینیٹر فیصل رضا عابدی کو باعزت بری کر دیا گیا۔ اعلی عدلیہ اور سابق چیف جسٹس کے خلاف توہین آمیز انٹرویو کیس میں سابق سینیٹر فیصل رضا عابدی کو باعزت بری کر دیا گیا ہے۔ کیس کا فیصلہ اسپیشل جج سنٹرل طاہر محمود نے سنایا۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے فیصل رضا عابدی کا کہنا تھا کہ 9 ماہ تک اپنا کیس لڑا اور قانون کے مطابق بھر پور دفاع کیا۔ قانون میں گنجائش ہے کہ مس کنڈکٹ کے حوالے سے الیکٹرونک میڈیا میں بات کر سکتے ہیں ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وقت آ گیا ہے کہ سیاسی مستقبل کا فیصلہ کریں گے اور اب 2 راستے بچے ہیں جبکہ ایک پاکستان میں رہنا اور دوسرا کسی دوسرے ملک ہجرت کر جانا۔

فیصل رضا عابدی نے کہا پاکستان میں رہنا ہے تو سیاست میں واپس آنا پڑے گا تاہم جو بھی فیصلہ کیا والدین اور فیملی کی مشاورت کے بعد کروں گا۔

خیال رہے کہ فیصل رضا عابدی کے خلاف سپریم کورٹ کے جج صاحبان کی توہین کرنے اور دھمکیاں دینے کے الزام میں دو مقدمات درج تھے جس کے بعد انہیں گرفتار کر لیا گیا تھا۔