نیب نے شاہد خاقان عباسی کو گرفتار کر لیا

نیب نے شاہد خاقان عباسی کو گرفتار کر لیا
شاہد خاقان عباسی کو لاہور ٹول پلازے پر گرفتار کیا گیا۔۔۔۔۔۔۔۔فوٹو/ ن لیگ فیس بُک پیج

لاہور: ذرائع کے مطابق نیب کی ٹیم نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو لاہور ٹول پلازے پر گرفتار کر لیا ہے۔نیب نے شاہد خاقان عباسی کو آج ایل این جی کیس میں طلب کر رکھا تھا لیکن انہوں نے آج نیب میں پیش نہ ہونے کا فیصلہ کیا۔


نیب نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو لاہور جاتے ہوئے ٹول پلازہ پر روکا جہاں نیب حکام انہیں گرفتار کر کے ساتھ لے گئے۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری کی تصدیق کر دی ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے اسے سیاسی اننقام قرار دیا ہے۔

واضح رہے کہ شاہد خاقان عباسی نے مسلم لیگ (ن) کے سابق دور حکومت میں بحیثیت وزیر پیٹرولیم قطر سے ایل این جی کا معاہدہ کیا تھا اور 220 ارب روپے کا ٹھیکہ دیا تھا۔

شاہد خاقان عباسی پر الزام ہے کہ وہ اس ٹھیکے میں خود بھی حصہ دار ہیں۔ اس سلسلے میں نیب کی سفارش پر ان کا نام ای سی ایل میں بھی شامل ہے۔ شاہد خاقان عباسی نے کسی عدالت سے ضمانت قبل از گرفتاری حاصل نہیں کی تھی۔

وزیر ریلوے شیخ رشید بھی شاہد خاقان عباسی کے خلاف ایل این جی درآمد کا کیس سپریم کورٹ لے کر گئے تھے۔