بلاول بتانا پسند کریں گے کہ کلبھوشن کوکیا رعایت دی گئی؟شہباز گل

بلاول بتانا پسند کریں گے کہ کلبھوشن کوکیا رعایت دی گئی؟شہباز گل


اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ شہباز گِل نے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی پریس کانفرنس پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

اپنے بیان میں شہباز گل کا کہنا تھا کہ بلاول بتانا پسند کریں گےکہ کلبھوشن کوکیا رعایت دی گئی؟ اِن کا کام صرف قوم کو گمراہ کرنا ہے جس کی تگ و دو میں یہ مصروف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جن کے پاس ناجائز دولت کاجواب نہیں، وہ سازش کی کہانی گڑھ کے ہمدردی حاصل کرنےکی کوشش کرتے ہیں، ان کا بس چلے تو کرپشن کو قانونی حیثیت دینے کا مطالبہ کر دیں۔

شہباز گل کا کہنا تھا کہ جن کے پاس کرپشن اور لوٹ مار کا جواب نہیں، وہ عدالت کی بجائے میڈیا میں اپنا کیس لڑتے ہیں، یہ خیال دل سے نکال دیں کہ زرداری اور فرزند زرداری کو این آر او ملنے والا ہے۔

خیال رہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے حکومت پر الزام عائد کیا ہے کہ حکومت نے پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیے بغیر بھارتی جاسوس کلبھوشن سے متعلق خفیہ آرڈیننس متعارف کرایا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کلبھوشن جادھو سے متعلق مبینہ آرڈیننس کی کاپی ٹوئٹر پر شیئر کی اور کہا کہ کلبھوشن جادھو کے حوالے سے سلیکٹڈ حکومت کا خفیہ آرڈیننس ناقابل برداشت ہے۔