مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم جاری، مزید 3 کشمیری شہید

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم جاری، مزید 3 کشمیری شہید

سرینگر: مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج نے مزید 3 کشمیریوں کو شہید کر دیا۔


کشمیر میڈیا سروس (کے ایم ایس) کے مطابق مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی بربریت اور جارحیت کا سلسلہ جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران بھارتی فوج کے تشدد اور فائرنگ سے شہید ہونے والے کشمیریوں کی تعداد  6 ہو گئی۔کے ایم ایس کے مطابق کشمیریوں کو نام نہاد سرچ آپریشن کی آڑ میں نشانہ بنایا گیا ہے۔واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور دو ہفتے قبل بھی ایک ہی روز میں کشمیر کے ضلع پلوامہ میں بھارتی فوج نے نام نہاد سرچ آپریشن کی آڑ میں 5 کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا تھا۔

اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی جاری ہے اور عالمی برداری مقبوضہ کمشیر کی صورتحال پر بھارت سے جواب طلب کرے۔ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں خواتین اور بچوں کو ذہنی و جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ اقوام متحدہ کی رپورٹ نے بھارتی قابض افواج کے مظالم کی تفصیل بیان کر دی ہے۔وزیر اعظم نے کہا تھا کہ مودی کی ہندوتوا حکومت کے احکامات پر مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی افواج مظالم کر رہی ہے جبکہ عالمی برادری کی انسانی حقوق کی خلاف ورزی اور مظالم  پر خاموشی ناقابل قبول ہے۔

گزشتہ ماہ اسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی کے رابطہ گروپ اجلاس میں بھارت سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ وہ فوری طور پر مقبوضہ کشمیر کا محاصرہ اور وہاں جاری لاک ڈاؤن ختم کرے۔ اجلاس میں بھارت سے کہا گیا کہ وہ تمام گرفتار کشمیریوں کو بھی رہا کرے۔