پنجاب کے وزیراعلیٰ عثمان بزدار ہی رہیں گے، وزیراعظم

 پنجاب کے وزیراعلیٰ عثمان بزدار ہی رہیں گے، وزیراعظم
عمران خان کا عوامی ریلیف کے لئے حکومت پنجاب کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فوٹو/ بشکریہ ریڈیو پاکستان

لاہور: حکومتی ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے ایک مرتبہ پھر عثمان بزدار پر اعتماد کا اظہار کر دیا۔ عمران خان نے واضح کرتے ہوئے کہا پنجاب کے وزیراعلیٰ عثمان بزدار ہی رہیں گے۔


 زیراعظم سے ایوان وزیراعلیٰ میں عثمان بزادر نے ملاقات کی۔ عمران خان نے عوامی ریلیف کے لئے حکومت پنجاب کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے ریور راوی فرنٹ اتھارٹی کے قیام اور پنجاب میں جاری ترقیاتی منصوبوں سمیت دیگر کارکردگی کو سراہا۔

اس موقع پر عمران خان نے کہا سمارٹ لاک ڈاؤن پر حکومت کی جانب سے ایس او پیز پر زبردست عملدآمد کروایا، حکومتی اقدامات کے باعث کورونا وائرس کے کیسز میں واضح کمی ہوئی، اب حالات بہتر ہو رہے ہیں، عوام کو حکومتی ایس او پیز پر عملدآمد کرنا اور حکومت کا ساتھ دیتے رہنا ہوگا۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے وزیراعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا پنجاب حکومت نے اپنے اخراجات میں واضح کمی کی ہے، لاہور کے شمال میں جدید شہر بسانے کے لئے ریور راوی فرنٹ اتھارٹی قائم کی ہے، اتھارٹی نیا شہر بسانے کیلئے کام کرے گی، نیا شہر دبئی کی طرز پر بسایا جائے گا، نیا شہر ایک لاکھ ایکڑ سے زائد رقبے پر بنایا جائے گا، نجی شعبے کی جانب سے 5 ہزار ارب روپے کی سرمایہ کاری متوقع ہے۔