بلوچستان میں کاروبار اور ٹرانسپورٹ صبح 9 سے رات 10 بجے تک کھولنے کی اجازت

بلوچستان میں کاروبار اور ٹرانسپورٹ صبح 9 سے رات 10 بجے تک کھولنے کی اجازت
کیپشن: شاپنگ سینٹرز اور دکانیں ہفتے میں 6 دن کھلی رہیں گی، محکمہ داخلہ بلوچستان۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

کوئٹہ: بلوچستان حکومت نے اسمارٹ لاک ڈاؤن کے دوران کاروبار اور ٹرانسپورٹ صبح 9 سے رات 10 بجے تک کھلا رکھنے کی اجازت دے دی۔بلوچستان میں اسمارٹ لاک ڈاؤن 48 ویں روز میں داخل ہوگیا اور صوبے میں اسمارٹ لاک ڈاؤن 30 جولائی تک رہے گا۔

محکمہ داخلہ بلوچستان کے مطابق شاپنگ سینٹرز اور دکانیں ہفتے میں 6 دن کھلی رہیں گی جب کہ گودام، آٹوریپئرشاپس دیگر دکانیں بھی صبح 9 تا رات 10 بجے تک کھلی رہیں گی۔محکمہ داخلہ نے بتایا کہ تندور، ڈیری پروڈکٹس شاپس، میڈیکل اسٹور، بلڈ بینک اورٹیلرشاپس پر پابندی نہیں۔

صوبائی محکمہ داخلہ کے مطابق ریسٹورنٹس اور ہوٹلز کو صرف ہوم ڈیلیوری و ٹیک اوے کی اجازت ہوگی، کسی بھی دکان میں ایک وقت میں 4 سے زائد افراد نہیں ہوں گے۔

دوسری جانب ترجمان بلوچستان حکومت کا کہناہےکہ گزشتہ 5 دن میں 20 اضلاع میں کورونا کا کوئی نیا کیس سامنے نہیں آیا، عیدالضحیٰ پر صورت حال کنٹرول میں رہی تو معمولات بحال ہوسکتے ہیں۔

خیال رہے کہ بلوچستان میں کورونا کے باعث اب تک 11405 متاثر اور 131 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ اس کے علاوہ بلوچستان میں اب تک کورونا سے 8313 مریض صحتیاب بھی ہوچکے ہیں۔