پاکستان میں کورونا سے مزید 21 افراد جاں بحق ہو گئے

Pakistan, coronavirus, NCOC, PTI government, WHO

لاہور: پاکستان میں کورونا کے وار پھر بڑھنے لگے ، مزید 21 افراد جاں بحق ہو گئے جس کے بعد اموات کی تعداد 22 ہزار 781 ہوگئی ۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق ، 24 گھنٹے کے دوران 2 ہزار ، 607 نئے کیس رپورٹ جبکہ 48 ہزار 816 ٹیسٹ کیے گئے ، مثبت کیسز کی شرح 5.34 فیصد رہی ۔ ملک بھر میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 9 لاکھ 89 ہزار 275 ہو گئی ہے ۔

پنجاب میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہونے لگا محکمہ صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر سے 369 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ۔ صوبہ بھر کے تمام شہروں میں کورونا کی مجموعی مثبت شرح 2.1 ریکارڈ کی گئی صوبائی دارالحکومت لاہور میں مثبت شرح 2.7 ، فیصل آباد میں1.7 ، بہاولپور میں 0.3 اور ملتان میں 1.3 ریکارڈ کی گئی ۔

سیکرٹری صحت سارہ اسلم کا کہنا ہے کہ صرف اور صرف ویکسینیشن ہی کورونا اور اس کی نئی قسم (ڈیلٹا) ویرینٹ کے خلاف واحد اور موثر علاج ہے ۔ 18 سال سے زیادہ عمر کے تمام افراد کا فوری طور پر ویکسینیشن لگوانا ناگزیر ہے ۔ صوبہ بھر میں کورونا کے کیسز کی مجموعی تعداد 350,259 ہو گئی ہے ۔

گزشتہ روز لاہور میں 1 ہلاکت سمیت صوبہ بھر میں کل 6 اموات ہوئیں ، صوبہ بھر میں اموات کی کل تعداد 10,871 ہو گئی ۔ 24 گھنٹوں میں لاہور میں 172، راولپنڈی میں 96، ملتان میں 13، فیصل آباد میں 12 اور ڈیرہ غازی خان میں 6 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں ۔ بہاولنگر، چینوٹ، ساہیوال، سیالکوٹ اور وہاڑی میں بالترتیب 4، 4 جبکہ گجرانوالہ، لیہ، پاکپتن اور راجن پورمیں تین تین مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں ۔ اٹک، بہاولپور، بھکر، چکوال، گجرات، جھنگ، جہلم، خوشاب، لودھراں، میانوالی، مظفرگڑھ، ننکانہ اور اوکاڑہ میں ایک ایک مثبت کیس رپورٹ ہوا ۔