کامیاب پاکستان پروگرام، حکومت کا کم آمدنی والے طبقات کو 1.6 کھرب روپے فراہم کرنے کا پلان  

kamyab pakistan program, Government's plan to provide Rs. 1.6 trillion to low income groups
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: کامیاب پاکستان پروگرام رواں ماہ لانچ کر دیا جائے گا ، آئندہ 3سال کے دوران ملک کی کم آمدنی والی آبادی کی ترقی کے لئے حکومت کامیاب پاکستان پروگرام کے لئے 1.6کھرب روپے فراہم کرے گی۔وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ کامیاب پاکستان پروگرام کے حوالے سے حکمت عملی کو حتمی شکل دینے کے لئے متعلقہ شراکت داروں تفصیلی مشاورت کی جائے گی ۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ کامیاب پاکستان ایک فلیگ شپ پروگرام ہے جس کے تحت کاروباری اداروں ، چھوٹے تاجروں اور کاشتکاروں کو بغیر ضمانت کے بلا سود چھوٹے قرضے فراہم کئے جائیں گے ، پروگرام میں کم ترین آمدنی والے 45لاکھ خانداوں کو ترجیح دی جائے گی جو احساس پروگرام کے این ایس ای آر پروگرام میں رجسٹرڈ ہیں۔ کامیاب پاکستان پروگرام حکومت کے عوام دوست ایجنڈا اور پاکستان کو ریاست مدینہ کی طرز پر ایک فلاحی ریاست بنانے کے ایجنڈا کی تکمیل کے عزم کا عکاس ہے ۔

پروگرام کے تحت آئندہ 3تا 5سال کے دوران 1.6کھرب روپے کے مجموعی قرضے فراہم کئے جائیں گے جس سے تیس لاکھ سے زیادہ خاندان مستفید ہوں گے ، یہ پروگرام دنیا بھر میں چھوٹے قرضوں کی فراہمی کا سب سے بڑا پروگرام ہو گا جس کے لئے بینکوں ، مالیاتی اداروں ، میکروفنانس کے بینکوں ،فنانس کی کمپنیوں سمیت دیگر اداروں کے اشتراک کار کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔

واضح رہے کہ کامیاب کسان پروگرام کے تحت 12.5ایکڑ تک زمین رکھنے والے چھوٹے کاشتکاروں کو زرعی قرضے فراہم کئے جائیں گے اور زرعی مداخل کی خریداری کے لئے ہر فصل کے لئے 1.5لاکھ روپے قرضہ فراہم کیا جائے گا تاکہ زرعی پیداوار کو فروغ دیا جاسکے۔ مزید براں مشینری اور آلات وغیرہ کی خریداری کے لئے 2لاکھ روپے کا اضافی قرضہ بھی فراہم کیاجائے گا ، اسی طرح دیہی اور شہری علاقوں میں کامیاب کاروبار پروگرام کے تحت چھوٹے کاروباروں اور سٹارٹ اپس کے لئے 5لاکھ روپے تک بلا سود قرضہ فراہم کیا جائے گا جس کی واپسی آسان قسطوں میں ہوگی۔

کامیاب پاکستان پروگرام کا تیسرا اہم عنصر نیا پاکستان ہائوسنگ سکیم ہو گی جس میں نیا پاکستان ہائوسنگ سکیم کے تحت 2.7ملین روپے جبکہ نیا پاکستان ہائوسنگ سکیم کے علاوہ دیگر منصوبوں کے لئے 2ملین روپے تک کے رعایتی قرضے فراہم کئے جائیں گے جن کی ادائیگی کی معیاد 20سال تک ہو گی ۔ کامیاب پاکستان پروگرام کو تعلیمی اداروں اور پیشہ وارانہ تربیت کے اداروں میں جاری کامیاب ہمدرد سکیم اور صحت انصاف کارڈ کے صوبائی اقدامات سے بھی مربوط کیا جائے گا۔

کامیاب پاکستان پروگرام وزیراعظم عمران خان کے غریب اور کم آمدنی والے طبقہ کی ترقی کے وژن کے تحت تیار کیا جارہاہے جس کا مقصد کم آمدنی والے اور معاشرے کے متاثرہ طبقات میں شامل افراد کو معاشی طور پر بااختیار بنانا ہے ۔ واضح رہے کہ کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے 16جولائی 2021کو کامیاب پاکستان پروگرام کی منظوری دی تھی ، وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے پروگرام تشکیل دینے والوں اور اس کی حکمت عملی کو مرتب کرنے والوں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ رواں ماہ کے دوران کامیاب پاکستان پروگرام کا باقاعدہ آغاز کر دیا جائے گا۔