لادی گینگ کے سرغنہ کی ہلاکت سیکیورٹی فورسز کا قابل فخر کارنامہ ہے: عثمان بزدار

Ladi gang, ringleader, death, security forces, CM Punjab, Usman Buzdar

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ ڈیرہ غازی خان میں لادی گینگ کے سرغنہ کی پولیس مقابلے میں ہلاکت سی ٹی ڈی اور پنجاب پولیس کا قابل فخر کارنامہ ہے ۔

اپنے بیان میں عثمان بزدار نے کہا کہ سفاک قاتل کو مقابلے میں جہنم واصل کرنے والے افسر اور اہلکار قوم کے ہیرو ہیں ۔ حکومت سی ٹی ڈی اور پنجاب پولیس کے افسروں اور اہلکاروں کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی معترف ہے ۔

انہوں نے کہا کہ قوم کو سی ٹی ڈی اور پنجاب پولیس کے بہادر سپوتوں پر ناز ہے ۔ معصوم لوگوں کو بے دردی سے قتل کرنے والے درندے کا مقابلے میں عبرتناک انجام جرائم پیشہ عناصر کے لئے واضح پیغام ہے کہ ایسے ہر گینگ کا قلع قمع کیا جائے گا ۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ لاقانونیت اور دہشت پھیلانے والے ہر گینگ کا ایسا ہی عبرتناک انجام ہو گا ۔ پنجاب حکومت صوبے میں عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھائی گی ۔ کسی بھی گینگ یا گروہ کو لاقانونیت یا دہشت پھیلانے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ قانون کی عمل داری کے لئے آخری حد تک جائیں گے ۔ سی ٹی ڈی و پنجاب پولیس کو بڑی کامیابی پر شاباش اور مبارکباد دیتا ہوں ۔