وزیراعظم کے ویژن کے مطابق کھیلوں کے میدان آباد کریں گے، نائب صدر پاکستان فٹبال فیڈریشن  

According to the vision of the Prime Minister, the stadium will be built by the Vice President of Pakistan Football Federation
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے نائب صدر ملک محمد عامر ڈوگر نے کہا ہے کہ ملک میں فٹ بال کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں اور وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق کھیلوں کے میدان آباد کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایبٹ آباد میں قومی انڈر 23 فٹ بال چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ایبٹ آباد سے رکن قومی اسمبلی علی خان جدون اور پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے صدر انجینئر سید اشفاق حسین شاہ کے علاوہ ٹیموں کے کھلاڑیوں اور شائقین کی کثیر تعداد بھی موجود تھی، انہوں نے کہا کہ صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لئے کھیلوں کا انعقاد بہت ضروری ہے اور نوجوان نسل کو معاشرتی برائیوں سے بچانے کے لئے ہمیں کھیلوں کے میدان آباد کرنے ہونگے جو کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن میں شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چیمپئن شپ کے کامیاب انعقاد پر پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے صدر انجینئر سید اشفاق حسین شاہ، لوکل آرگنائزنگ کمیٹی کے چیئرمین شاہد شنواری، آگنائزنگ سیکرٹری عادل علی جدون اور ان کی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے اور جن کی دن رات کاوشوں سے یہ ایونٹ کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا، انہوں نے گرائونڈ میں ایبٹ آباد کی عوام کے شوق کو دیکھ کر ان کے جوش ، جذبے اور محبت کو سلام پیش کیا، انہوں نے بلوچستان بازیگر کی ٹیم کے کھلاڑیوں کو چیمپئن بننے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ خیبر ایگلز کی ٹیم کے کھلاڑیوں نے بھی اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا ہے اور ہار۔ جیت کھیل کا حصہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان فٹ بال فیڈریشن کی ماضی کی قیادت نے فٹ بال کے کھیل کی ترقی کے لئے وہ حق ادا نہیں کیا جو کرنا چاہئے تھا، انہوں نے فیفاریفریز کی بھی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ فیفا ریفریز نے سخت دباﺅ کے باجود اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائیں اور وہ بھی مبارکباد کے مستحق ہیں۔ رکن قومی اسمبلی علی خان جدون نے اپنے خطاب میں کہا کہ فٹ بال کا کھیل دنیا کا مقبول ترین کھیل ہے لیکن پاکستان میں یہ کھیل بدقستمی سے سیاست کی نذر رہا ہے اور اس کھیل کو زیادہ فروغ نہیں ملا جو ملنا چاہئے تھا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ موجودہ فیڈریشن اس کھیل کی ترقی کے لئے بھرپور کوشش کرے گی، انہوں نے کنج فٹ بال گرائونڈ میں لائٹس لگانے کے لئے 55 لاکھ روپے کی گرانٹ کا بھی اعلان کیا تاکہ اس گرائونڈ میں فلڈ لائٹ ٹورنامنٹس کا انعقاد کیا جا سکے، پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے صدر سید اشفاق حسین شاہ نے کہا کہ پاکستان فٹ بال فیڈریشن ملک میں فٹ بال کے فروغ کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے گی اور کسی بھی ایونٹ کو کامیاب بنانے کے لئے ریفریز کا بھی اہم کردار ہوتا ہے اور انہوں نے چیمپئن شپ میں ریفریز کی خدمات پر اپنی ذاتی جیب سے دو لاکھ روپے دینے کا بھی اعلان کیا۔