پاکستان اور جنوب مشرقی ایشیا کے ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت کے حجم میں اضافہ  

Increase in bilateral trade between Pakistan and Southeast Asian countries
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: پاکستان اورجنوب مشرقی ایشیا کے ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت کے حجم میں گذشتہ مالی سال کے دوران نمایاں اضافہ ریکارڈکیاگیاہے، مالی سال میں انڈونیشیا، ملائشیا، سنگاپور اورتھائی لینڈکو پاکستانی برآمدات میں 2.14 فیصد جبکہ ان ممالک سے درآمدات میں 31.01 فیصد کی شرح سے بڑھوتری ہوئی ہے، مئی 2021 میں جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کوپاکستانی برآمدات میں 52.88 فیصد اضافہ ہوا۔

سٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق جولائی 2020 سے مئی 2021 تک کی مدت میں جنوب مشرقی ایشیا کے ممالک انڈونیشیا، ملائشیا، سنگاپور اورتھائی لینڈکو پاکستانی برآمدات کاحجم 872.400 ملین ڈالرریکارڈکیاگیا جو پیوستہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 2.14 فیصدزیادہ ہے، پیوستہ مالی سال کی اسی مدت میں ان ممالک کوپاکستانی برآمدات کاحجم 854.07 ملین ڈالرریکارڈکیاگیا،مئی 2021 میں ان ممالک کوبرآمدات سے ملک کو89.01 ملین ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہوا جو گذشتہ سال مئی کے 58.22 ملین ڈالرکے مقابلہ میں 52.88 فیصدزیادہ ہے، مالی سال 2020 میں جنوب مشرقی ایشیا کے ممالک کو برآمدات سے ملک کو923.40 ملین ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواتھا۔

سٹیٹ بینک کے مطابق جولائی 2020 سے مئی 2021 تک کی مدت میں جنوب مشرقی ایشیا کے ممالک انڈونیشیا، ملائشیا، سنگاپور اورتھائی لینڈ سے 6.404 ارب ڈالرکی درآمدات ریکارڈکی گئیں جوپیوستہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 31.01 فیصدزیادہ ہے، پیوستہ مالی سال کی اسی مدت میں جنوب مشرقی ایشیائی ممالک سے درآمدات کامجموعی حجم 4.890 ارب ڈالرریکارڈکیاگیاتھا،

مئی 2021 میں ان ممالک سے 706.11 ملین ڈالرکی درآمدات ریکارڈکی گئی جو مئی 2020 کے 339.42 ملین ڈالرکے مقابلہ میں 108.03 فیصد زیادہ ہے۔مالی سال 2020 میں جنوب مشرقی ایشیا کے ممالک سے 5.358 ارب ڈالرکی درآمدات ریکارڈکی گئی تھیں۔