افغان سفیر کی بیٹی کے اغواء کی مکمل تحقیقات کی جائیں: شہباز شریف

Afghan ambassador, daughter, abduction, investigation, Shehbaz Sharif

لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کا افغان سفیر کی بیٹی کے اغواء پر تشویش کا اظہار ، کہا افغان سفیر کی بیٹی کے اغواء کی مکمل تحقیقات کی جائیں ۔

اپنی ٹویٹ میں شہباز شریف نے کہا کہ اسلام آباد سے افغان سفیر کی بیٹی کے اغوا سے ملک میں سلامتی کی صورتحال خراب ہوتی ہے ، اگرچہ وہ بازیاب ہوئیں مگر اس واقعے نے پاکستان کے عالمی موقف کو مجروح کیا ہے ۔

دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ بھارتی سوشل میڈیا نے پرانے کیسز کی تصاویر کو کل کے واقعہ سے منسلک کیا ، بھارت پاکستان کی بدنامی کیلئے مختلف اوچھے ہتھکنڈے اختیار کرتا رہتا ہے ۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان کی ایبسولوٹلی ناٹ کہنے پر بھارت پاکستان کیخلاف پروپیگنڈا کر رہا ہے ۔ 16 تاریخ کو واقعہ ہوا ، انہوں نے کل رات 8 بجے رپورٹ کیا تھا ۔ ڈپلومیٹک کیس وزارت خارجہ کے ذریعے آتے ہیں ، افغان وزارت خارجہ نے ہارڈ کاپی فراہم کی اس پر تحقیقات کر رہے ہیں ۔ امید ہے اس واقعہ میں ملوث ملزمان ایک ، دو روز میں گرفتار کرلئے جائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ افغان سفیر کی بیٹی کے اغوا کے ملزمان کی گرفتاری کیلئے تحقیقات جاری ہیں ، سفیر کی بیٹی گھر سے پیدل نکلی تھیں بعد میں انہوں نے ٹیکسی لی ، افغان سفیر کی بیٹی ٹیکسی میں بیٹھ کر کھڈا مارکیٹ گئیں ۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت تھی اس کیس کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے ، جیسے جیسے افغان وزارت خارجہ تعاون کر رہے ہیں اس کیس کی کڑیاں کھل رہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ان کا کھڈا مارکیٹ جانا اور راولپنڈی کے شاپنگ مال اترنے کی تمام تصاویر موجود ہیں ۔ امید ہے تمام حقائق بہت جلد سامنے آ جائیں گے اور انٹرنیشنل میڈیا کو اس سے آگاہ کیا جائے گا ۔