سابق وزیر اعلیٰ وگورنر سندھ ممتاز بھٹو انتقال کرگئے

سابق وزیر اعلیٰ وگورنر سندھ ممتاز بھٹو انتقال کرگئے
کیپشن: سابق گورنر سندھ ممتاز بھٹو انتقال کرگئے
سورس: فائل فوٹو

کراچی:  سابق گورنرسندھ  ممتازبھٹو88برس کی عمرمیں انتقال کرگئے۔ترجمان ابراہیم ابڑو کے مطابق  ممتازبھٹو کچھ عرصےسے علیل تھے۔


نیو نیوز کے مطابق ممتازبھٹوکاانتقال کراچی میں انکی   رہائشگاہ پرہوا۔ممتازبھٹوسابق وزیراعظم ذوالفقاربھٹوکےکزن اورقریبی ساتھی تھے۔

ممتاز بھٹو 1933 میں لاڑکانہ میں پیدا ہوئے ۔ سینٹ جارج کالج اترکھنڈ اور لارنس کالج مری سے تعلیم حاصل کی ۔برطانیہ سے بیرسٹر کی ڈگری حاصل کی ۔آکسفورڈ سے 1959 میں ماسٹر کیا۔ 

ممتاز بھٹو 1965 میں 32 سال کی عمر میں قومی اسمبلی کے رکن بنے جب ان کے کزن ذوالفقار علی بھٹو نے 1967 میں پاکستان پیپلز پارٹی کی بنیاد رکھی تو یہ اس میں شامل ہوگئے اور پیپلز پارٹی کے بانی رکن تھے۔ 

1970 میں ممتاز بھٹو دوبارہ قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔ بعد میں ذوالفقار علی بھٹو نے ان کو گورنر سندھ بنایا۔ 1972 میں سندھ کے وزیراعلیٰ بنے۔ 

1977 میں دوبارہ قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے اور اس وقت کے وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو نے ان کو وفاقی وزیر بنایا۔  ضیا ءالحق کے دور میں ممتاز بھٹو لندن چلے گئے اس کے بعد  لندن میں ہی انہوں نے سیاسی اتحاد بنایا۔ 

سابق صدر آصف علی زرداری سے اختلافات کے بعد 1989 میں ممتاز علی بھٹو نے اپنی نئی جماعت سندھ نیشنل فرنٹ کے نام سے بنائی۔ 2017 میں ممتاز بھٹو نے سندھ نیشنل فرنٹ کو پاکستان تحریک انصاف میں ضم کردیا۔