حکومت کا نوجوانوں کیلئے قومی روزگار پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ

حکومت کا نوجوانوں کیلئے قومی روزگار پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ

لاہور: وفاقی حکومت نے بے روزگار نوجوانوں کیلئے قومی روزگار پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت سالانہ 20 لاکھ سرکاری و نجی ملازمتیں پیدا کی جائیں گی۔ 

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے نیشنل یوتھ ٹاسک فورس تشکیل دی ہے جس کا مقصد روزگار پروگرام کو فعال کرنا ہے، یہ ٹاسک فورس ہنگامی بنیادوں پر ملک بھر کے دورے کرے گی تاکہ نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا کئے جا سکیں۔ 

یہ ٹاسک فورس وفاقی اور صوبائی وزارتوں، نجی کمپنیوں اور چیمبرز آف کامرس سے بھی رابطے کرے گی جبکہ وزیراعظم شہباز شریف خود اس ٹاسک فورس کی کارکردگی کو مانیٹر کریں گے۔ 

ذرائع کا کہنا ہے کہ نوجوانوں کو روزگار دینے کی غرض سے وزیراعظم نیشنل یوتھ پروگرام بھی کاروبار کیلئے قرض کی فراہمی اور تربیتی کام تیز کرے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوان برسر روزگار ہو سکیں۔ 

واضح رہے کہ قومی یوتھ پروگرام نے ایک لاکھ نوجوانوں کو ہائی ٹیک اور کنونشنل ٹریننگ دینے کا ہدف مقرر کر رکھا ہے جس کے تحت میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے طلبا کیلئے فنی تربیت، اورجدید آئی ٹی کورسز شروع کئے جائیں گے۔

ٹاسک فورس بیرون ملک نوکریوں کے حصول کیلئے بھی مختلف ممالک سے رابطے شروع کرے گی اور وزارت اوورسیز کے ذیلی اداروں کو ایشیائی و یورپی ممالک میں روزگار کے حصول کا ہدف سونپا جائے گا۔ 

مصنف کے بارے میں