نواز حکومت کی خارجہ پالیسی مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے ، خورشید شاہ

نواز حکومت کی خارجہ پالیسی مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے ، خورشید شاہ

سکھر: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شا کا کہنا تھا کہ نوازحکومت کی خارجہ پالیسی مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے، سعودی عرب اورقطر دونوں ہم سے خوش نہیں ہیں اور ان کے معاملے پرہماری پالیسی بھی واضح نہیں ہے۔ ایران کھل کر سامنے آگیا ہے اور قطر کی حمایت کررہا ہے۔قطربھی تو ہمارا دوست ملک ہے۔پاکستان کے لیے اس وقت اہم معاملہ مسلم ممالک کا اتحاد ہے جب کہ قطر ہمارا برادرا سلامی ملک ہے جس نے مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی ہے اور اب تو قطر نے مشکل وقت میں میاں صاحب کو خط بھی دے دیا ہے۔

انہوں نے کہا  نواز شریف اور عمران خان پر ایک جیسے کیسز ہیں اس لیے دونوں ہی نااہل ہوں گے جب کہ وزیر اعظم خود ہی اپنی باتوں میں جکڑ چکے ہیں۔ میاں صاحب قومی قیادت کو اعتماد میں لے کر بتائیں کہ ان کی ڈوریں کون ہلارہا ہے۔ڈوریاں کوئی نہیں ہلارہا، میاں صاحب خود ہل گئے ہیں اس لیے اب ہر چیز ہلتی ہوئی نظر آرہی ہے۔

سکھر میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور رہنما پیپلز پارٹی خورشید شاہ نے کہا ہے کہ جے آئی ٹی سے قوم کو بہت سی امیدیں ہیں۔ حکومت جے آئی ٹی، اداروں اور سپریم کورٹ کو متنازع بنانے کی کوشش کررہی ہے،دنیا کو میاں صاحب کے اثاثے معلوم ہیں۔ نوازشریف نے کبھی قطری خط کی بات نہیں کی وہ تو کبھی جے آئی ٹی تو کبھی پیپلز پارٹی پر الزام لگارہے ہیں جب کہ میاں صاحب کے پاس صفائی کے لئے کچھ بھی نہیں ہے۔ وزیر اعظم نے جو تقریر پارلیمنٹ میں کی اس کا بھی کوئی ثبوت پیش نہیں کیا گیا، اداروں کو ڈرانا دھمکانا مسلم لیگ نون کی پرانی تاریخ ہے۔یہ شیر تو ایسے ہیں کہ جب پرویز مشرف نے انہیں مکے دکھائے تھے تو یہ واپس چلے گئے تھے۔ عمران خان کے اوپر بھی منی لانڈرنگ کے کیسز ہیں۔ عمران خان اور میاں صاحب دونوں ہی جائیں گے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں