بھارتی فوج انسانی حقوق پر یقین رکھتی ہے، جنرل بپن روات کا بھونڈا دعویٰ

بھارتی فوج انسانی حقوق پر یقین رکھتی ہے، جنرل بپن روات کا بھونڈا دعویٰ

نیو دہلی: مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمریوں پر ظلم کے پہاڑ توڑنے والی بھارتی فوج کے سر براہ آج پھر کشمیریوں کے زخموں پر نمک چھڑک دیا۔ آرمی چیف جنرل روات نے میڈیا کے نمائندوں کے سامنے بھونڈا دعویٰ کیا کہ مقبوضہ کشمیر میں صورت حال کو مکمل کنٹرول کرنے کے لیے ’ضروری اقدامات‘ کیے جا رہے ہیں۔ بھارتی اخبار نے بھارتی آرمی چیف کے حوالے سے بتایا کہ آرمی لوگوں کی زندگیوں کی دیکھ بھال کرتی ہے اور اس بات کی بھرپور کوشش کی جاتی ہے حقوق کی خلاف ورزی نہ ہو۔

انھوں نے کہا کہ جنوبی کشمیر کے کچھ حصوں میں مسئلہ ہے جہاں امن و امان کی صورت حال کو کنٹرول کرنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ بھارتی فورسز کی جانب سے کشمیری بچوں کے خلاف چھرے والی بندقوں کے استعال کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر جنرل روات کا کہنا تھا کہ فوج کو اس قسم کی صورت حال سے نمٹنے کے لیے ٹریننگ دی گئی ہے اور ساتھ ہی زور دیا کہ وہ انسانی حقوق پر یقین رکھتے ہیں۔

جنرل روات کا مزید کہنا تھا کہ غلط معلومات کی وجہ سے نوجوان نسل بھارتی فوج کے خلاف ہتھیار اٹھا رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے لوگوں میں کچھ غلط اطلاعات پھیلائی گئی ہیں جو کچھ نوجوانوں کو اسلحہ اٹھانے پر مجبور کر رہی ہیں۔

واضح رہے بھارتی جنرل کا یہ بیان ایک ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب نیشنل کانفرنس کی قیادت طلبا کے خلاف چھروں کے استعمال کے حوالے سے مقبوضہ کشمیر کی اسمبلی کے باہر دہرنا دینے جا رہی ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں