مریم نواز کے این اے 125 سے کاغذات نامزدگی منظور

مریم نواز کے این اے 125 سے کاغذات نامزدگی منظور
کیپشن: فوٹو: فائل

لاہور : سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی اور مسلم لیگ ن کی مرکزی رہنما مریم نواز کے این اے 125 سے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق مریم نواز کے کاغذات نامزدگی پر تمام اعتراضات مسترد کر کے ان کے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے گئے ہیں،مریم نواز کے کاغذات نامزدگی پر پی ٹی آئی کی امیدوار یاسمین راشد نے اعتراض کیا تھا اور اثاثے چھپانے پر مریم نواز کے کاغذات نامزدگی کو چیلنج کر رکھا تھا۔

اعتراضات میں کہا گیا کہ مریم نواز کے خلاف نیب عدالت میں ریفرنسز زیر سماعت ہیں، مریم کا نام آف شور کمپنیوں کے حامل افراد کی فہرست میں شامل ہے ، مریم نواز نے اپنے اثاثہ جات کی درست تفصیلات بھی فراہم نہیں کیں جبکہ مریم نواز کے مختلف ناموں پر بھی اعتراض اٹھایا گیا۔

واضح رہے کہ ریٹرننگ آفیسر آصف بشیر نے18 جون کو ڈاکٹر یاسمین راشد کو اعتراضات کی متعلقہ دستاویزات کے ساتھ جبکہ مریم نواز کو ان اعتراضات کے جواب جمع کروانے کی ہدایت کی تھی۔