یہ سچ ہے میں دوسرا سنجے دت نہیں بن سکتا:رنبیر کپور

یہ سچ ہے میں دوسرا سنجے دت نہیں بن سکتا:رنبیر کپور

image by facebook

ممبئی :آنے والی بالی وڈ کی بائیوگرافی فلم ’سنجو‘ میں اداکار سنجے دت کا کردار نبھانے والے نوجوان اداکار رنبیر کپور نے اعتراف کیا ہے کہ وہ چاہے کچھ بھی کرلیں، لیکن یہ سچ ہے کہ وہ دوسرے سنجے دت نہیں بن سکتے۔

رنبیر کپور نے یہ اعتراف بالی ووڈ کے دبنگ ہیرو سلمان خان کی جانب سے گزشتہ ہفتے دیے گئے ایک بیان کے بعد کیا ہے۔گزشتہ ہفتے سلمان خان نے اپنی فلم ’ریس تھری‘ کی تشہیر کے دوران صحافیوں کی جانب سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں فلم ساز راج کمار ہیرانی کی فلم ’سنجو‘ میں رنبیر کپور کو سنجے دت کا کردار نبھانے پر دبے الفاظ میں تنقید کا نشانہ بنایا۔

سلمان خان کا کہنا تھا کہ ان کا خیال ہے کہ ’سنجو‘ میں سنجے دت کو اپنا کردار خود ہی ادا کرنا چاہیے تھا، دبنگ ہیرو نے تجویز دیتے ہوئے کہا تھا کہ سنجے دت کو اپنی زندگی پر بنائی گئی فلم میں جیل سے رہائی کے بعد کی زندگی کا کردار خود ہی ادا کرنا چاہیے تھا، کیوں کہ کوئی اور اداکار ان کے کردار کے ساتھ انصاف نہیں کرسکتا۔

سلمان خان کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے ’سنجو‘ کا ٹریلر دیکھا ہے اور انہیں امید ہے کہ راج کمار ہیرانی نے اچھی فلم بنائی ہوگی ، دبنگ ہیرو کی جانب سے ہلکے پھلکے انداز میں تنقید کیے جانے کے بعد اب رنبیر کپور نے سلمان خان کو کرار جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ آج تک کسی بھی اداکار نے خود پر بننے والی فلم میں اپنا کردار خود ادا نہیں کیا۔

ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق رنبیر کپور نے ایک ایونٹ کے دوران بات کرتے ہوئے دلیل دی کہ کسی کی زندگی پر بنائی گئی فلم میں جب دوسرا اداکار کام کر رہا ہوتا ہے تو اسے پتہ ہوتا ہے کہ اسے کسی اور کا کردار ادا کرنا ہے۔

رنبیر کپور نے بتایا کہ انہیں بھی اندازہ ہے کہ فلم میں لوگ انہیں سنجے دت کے روپ میں دیکھیں گے، اس لیے انہوں نے فلم میں بہتر سے بہتر طور پر اداکاری کرنے کی کوشش کی ہے۔