ون ڈے رینکنگ ، پاکستان نے آسٹریلیا کو پیچھے چھوڑ دیا

ون ڈے رینکنگ ، پاکستان نے آسٹریلیا کو پیچھے چھوڑ دیا
کیپشن: فوٹو: فائل

دبئی : انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ون ڈے انٹرنیشنل کی نئی رینکنگ جاری کر دی ہے جس کے مطابق آسٹریلوی کرکٹ ٹیم 34 سال بعد چھٹی پوزیشن پر آ گئی ہے ، جبکہ پاکستان اس رینکنگ میں 5 نمبر پر چلی گئی۔

تفصیلات کے مطابق اس تنزلی کا باعث انگلینڈ کیخلاف جاری ون ڈے سیریز کے ابتدائی دو میچوں میں شکست ہے جبکہ کارڈیف اور لندن میں کھیلے گئے میچوں میں شکست کے بعد آسٹریلوی ٹیم کے 102 رینکنگ پوائنٹس ہو گئے ہیں جبکہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے رینکنگ پوائنٹس بھی 102 ہیں۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ آسٹریلیا کی موجودہ ٹیم میں صرف شان مارش ہی ایک ایسے کھلاڑی ہیں جو اس وقت دنیا میں موجود تھے جب آسٹریلوی ٹیم چھٹی پوزیشن پر آئی تھی اور یہ 1984ءکی بات ہے۔



واضح رہے کہ چیمپینز ٹرافی کی فاتح پاکستانی ٹیم پانچویں پوزیشن پر براجمان ہے۔ ماہرین کرکٹ کے مطابق انگلینڈ کیخلاف ’معجزانہ‘ کارکردگی ہی آسٹریلیا کو مزید تنزلی سے بچا سکتی ہے۔